میزان بینک اوردی ہنر فاؤنڈیشن کے درمیان میزان جستجو کے تحت ہنر سے ملازمت کافرق ختم کرنے کا معاہدہ


کراچی: پاکستان کے پہلے اور سب سے بڑے اسلامی بینک میزان بینک اوردی ہنر فاؤنڈیشن نے میزان جستجو کے تحت نوجوانوں کیلئے ہنر سے نوکری کا فرق ختم کرنے کیلئے ایک مفاہمت کی یادداشت (MoU)پر دستخط کیے ہیں۔ میزان جستجو میزان بینک کا ایک اہم سی ایس آر پروگرام ہے جو تعلیم، روزگار اورنوجوانوں کو معاشی طورپر بااختیار بنانے کیلئے کوشاں ہے۔

 

معاہدے پر میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر سید عامر علی اوردی ہنر فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طاہر جاویدنے دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں اداروں کی سینئر مینجمنٹ بھی موجودتھی۔


 

یہ پروگرام شرکاء کو مارکیٹ سے متعلقہ تکنیکی مہارتوں سے آراستہ، روزگار اور مالیاتی خودمختیاری کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھی کردار ادا کرتاہے۔

 

 2024کے اوائل سے میزان بینک میزان جستجو کو توسیع دے رہا ہے اور بینک نے اسلامک فنانس سرٹیفکیشن کورس کیلئے آئی بی اے سیف اور آئی ٹی سرٹیفکیشن کورسز کیلئے این ای ڈی اکیڈمی کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔دی ہنر فاؤنڈیشن کے ساتھ اشتراک میزان بینک کی نوجوانوں کو ٹارگٹڈ ٹریننگ اور روزگارکیلئے کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس شراکت داری کے تحت اس سال 150سے زائد ٹرینیزمستفید ہوں گے۔

 

میزان جستجو کے آغاز سے اب تک 600سے زائد افراد کو ٹریننگ دی چاچکی ہے جن میں سے بہت سے شرکاء نے کامیابی کے ساتھ قلیل مدّت میں افرادی قوت میں شمولیت اختیار کی ہے جوکہ مالیاتی طورپر بااختیار بنانے اور افرادی قوت کے انضمام کیلئے ایک مثالی اقدام ہے۔ دی ہنرفاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے ملک کے بڑھتی ہوئی نوجوان آبادی کو بروئے کار لانے کیلئے قومی ترجیحات سے ہم آہنگ ہے۔

 

اس موقع پر میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر سید عامر علی نے کہاکہ پاکستان کی 240ملین سے زائد آبادی میں سے 65فیصد 30سال سے کم عمر کے ہیں۔ ہمارے نوجوان قوم کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور اس اقدام کے ذریعے ہم اس اثاثے کو پائیدار اقتصادی ترقی کی طرف منتقلی کرنا چاہتے ہیں۔

 

دی ہنر فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت دای کے تحت ہم نہ صرف نوجوانوں کو مقامی اور بین الاقوامی روزگار کے مواقعوں تک رسائی کے قابل بنارہے ہیں بلکہ پاکستان کی طویل المدّتی خوشحالی میں بھی اپنے حصہ ڈال رہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ بااختیار افراد تبدیلی کی ترغیب کے ساتھ کمیونٹی کو ترقی دیں گے اور ملک کیلئے ایک مضبوط، خود انحصار مستقبل کی تشکیل میں معاونت فراہم کریں گے۔

 

اس موقع پر دی ہنر فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طاہر جاوید نے کہاکہ پائیدار اقدامات کے ذریعے کمیونیٹیز کی ترقی کے مشن میں میزان بینک کے ساتھ شراکت داری پر ہم میزان بینک کے شکرگزار ہیں۔ ہمارا مقصد نوجوانوں کوان مہارتوں اورنالج سے آراستہ کرناہے،  آج کی مسابقتی دنیا میں ترقی کیلئے جن کی انہیں ضرورت ہے۔ یہ شراکت داری نہ صرف ٹریننگ کے بارے میں ہے بلکہ زندگیوں کو بدلنے اور ایک خوشحال اور غربت سے پاک پاکستان کی تعمیر کیلئے ہے۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی