لاہور: گوگل نے پاکستان سمیت ایشیا پیسفک خطے کے طلبا کے لیے ایک اہم تعلیمی اقدام کا اعلان کرتے ہوئے 18 سال یا اس سے زائد عمر کے طلبا کو ایک سال کے لیے مفت AI Pro Plan سبسکرپشن دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گوگل کا یہ اقدام تعلیم، تحقیق اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ طلبا جدید ترین مصنوعی ذہانت (AI) ٹولز اور سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اعلامیہ کے مطابق طلبا کو گوگل جیمنائی 2.5 پرو ماڈل تک رسائی دی جائے گی، جس کے ذریعے ڈیپ ریسرچ، ڈیٹا اینالیسز، اور کریئیٹو رائٹنگ جیسے کام مؤثر انداز میں ممکن ہوں گے۔
گوگل ایپس میں AI انٹیگریشن کے ذریعے طلبا کو جی میل، گوگل ڈاکس، شیٹس، سلائیڈز، اور گوگل میٹ میں AI معاونت حاصل ہو گی، جس سے ای میلز کا خلاصہ، خودکار پریزنٹیشنز اور ڈیٹا تجزیہ جیسے کام آسان ہو جائیں گے۔
نوٹ بک ایل ایم (NotebookLM) کے ذریعے ذاتی نوعیت کی تحقیق، تحریر، اور مطالعہ میں مدد ملے گی۔ تخلیقی کام کے لیے گوگل نے Veo 3 اور Flow جیسے جدید فیچرز بھی جیمنائی میں شامل کیے ہیں، جن کے ذریعے ویڈیوز اور تصویری مواد کی تیاری ممکن ہو گی۔
گوگل نے طلبا کو 2 ٹیرا بائٹ کلاؤڈ اسٹوریج بھی مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے وہ اپنی فائلز، نوٹس اور پراجیکٹس کو باآسانی محفوظ رکھ سکیں گے۔
یہ سہولت آئندہ ہفتوں میں مرحلہ وار فراہم کی جائے گی، اور طلبا کو گوگل کی جانب سے اہل ہونے کی صورت میں سبسکرپشن حاصل کرنے کا طریقہ کار فراہم کیا جائے گا۔

ایک تبصرہ شائع کریں