سکولوں کی چھٹی، راستے بند، انٹرنیٹ سروس معطل، اسلام آباد آنے والوں کیلئے اہم ہدایات جاری

دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، کئی راستے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر معطل ہے۔

شہریوں اور راولپنڈی سے اسلام آباد یا دیگر شہروں سے آنے والوں کے لیے ٹریفک پولیس نے تفصیلی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق لاہور سے اسلام آباد کی طرف آنے والی ہیوی ٹریفک کو روات ٹی کراس سے راولپنڈی کی جانب موڑا جائے گا، پشاور سے جی ٹی روڈ کے ذریعے آنے والی بھاری گاڑیوں کو 26 نمبر چونگی سے موٹر وے اور راولپنڈی کی طرف بھیجا جائے گا، مری سے اسلام آباد آنے والی ہیوی ٹریفک کو راول ڈیم چوک سے پارک روڈ، لہتراڑ روڈ اور ایکسپریس وے کی طرف موڑا جا رہا ہے۔



چھوٹی ٹریفک کے لیے بھی مختلف مقامات پر ڈائیورشن پلان نافذ کر دیا گیا ہے، فیض آباد کے چاروں اطراف سے ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جا رہا ہے جبکہ راول ڈیم چوک سے فیض آباد کی طرف دونوں اطراف کی آمد و رفت بھی بند کر کے متبادل راستے مہیا کیے گئے ہیں۔

بہارہ کہو، مری اور اسلام آباد سے راولپنڈی جانے والے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پارک روڈ، ترامری چوک، لہتراڑ روڈ اور ایکسپریس ہائی وے کا استعمال کریں، ائیرپورٹ جانے والے افراد کشمیر چوک اور سری نگر ہائی وے کے ذریعے سفر کریں۔

گارڈن فلائی اوور اور کھنہ پل سے فیض آباد کی طرف جانے والی ٹریفک کے لیے بھی راستے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ کورال سے اسلام آباد آنے والے افراد لہتراڑ روڈ، کیپٹن نعیم طفیل شہید چوک اور پارک روڈ کے ذریعے شہر میں داخل ہو سکتے ہیں، نائنتھ ایونیو اور آئی جے پی روڈ سے فیض آباد کی طرف جانے والی ٹریفک کے لیے مکمل ڈائیورشن پلان لاگو ہے اور ٹریفک کو دیگر راستوں کی طرف موڑا جا رہا ہے۔

زیرو پوائنٹ سے ایکسپریس ہائی وے جانے والے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے، سری نگر ہائی وے، راول ڈیم چوک، پارک روڈ اور کھنہ پل کے ذریعے ایکسپریس ہائی وے کا راستہ اختیار کریں، اسی طرح فیصل ایونیو سے راولپنڈی جانے والوں کے لیے زیرو پوائنٹ، سری نگر ہائی وے اور نائنتھ ایونیو کا استعمال تجویز کیا گیا ہے۔


اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل راستوں کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کریں اور ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی