پی ٹی سی ایل گروپ نےاے پی آئیز کے اختراعی استعمال کے فروغ کیلئے جی ایس ایم اے سے اشتراک کرلیا


اسلام آباد  : پی ٹی سی ایل گروپ (پی ٹی سی ایل و یوفون 4G) اور جی ایس ایم اے نے جائیٹکس گلوبل 2025 کے دوران ایک طویل المدتی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت دونوں ادارے پاکستان میں ٹیلی کام کے علاوہ متعدد دیگر شعبوں میں بھی تعاون بڑھائیں گے۔ جی ایس ایم اے اوپن گیٹ وے انیشیٹو کا مقصد 'ایپلی کیشن پروگرام ایبل انٹرفیسز' (اے پی آئی) کے ذریعے کاروباری اداروں کو موبائل نیٹ ورکس سے آسان اور محفوظ طریقے سے منسلک کرنا ہے، جس سے نئی ڈیجیٹل سروسز کو اپنانے کا عمل آسان اور بڑے پیمانے پر تیز رفتار اختراعی عمل ممکن ہوگا۔

پی ٹی سی ایل گروپ نے Client Initiated Backend Authentication (CIBA) پر مبنی تازہ ترین نظام، کیمارا اسٹینڈرڈ 1.0.0 کے تحت دو نئی اے پی آئیز، 'Send OTP' اور 'Validate OTP' کی کامیاب تیاری اور سرٹیفکیشن مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ جی ایس ایم اے اوپن گیٹ وے انیشیٹو کا حصہ بننے کے بعد یہ اے پی آئیز کاروباری اداروں اور ٹیلی کام آپریٹرز کو معیاری، محفوظ اور باہم مربوط سروسز تک رسائی دیں گی۔



اس سنگ میل کے حصول سے پی ٹی سی ایل گروپ عالمی سطح پر قائدانہ کردار کے حامل اُن اداروں کی صف میں شامل ہو گیا ہے، جو ڈیجیٹل ایکو سسٹمز کو فروغ دےرہے ہیں، تاکہ کاروباری ادارے موبائل نیٹ ورک کی صلاحیتوں کو آسانی سے اپنے پلیٹ فارمز میں ضم کر سکیں۔ یہ نئی اے پی آئیز صارف کی تصدیق کے عمل کو بہتر بناتی ہیں، فراڈ کے خطرات کو کم کرتی ہیں اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ فریم ورکس کے ذریعے سکیورٹی اور قابل ِ اعتماد سروس کی فراہمی کو یقینی بنا کر صارف کے تجربے میں بہتری لاتی ہیں۔

گروپ چیف ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن آفیسر، پی ٹی سی ایل و یوفون 4G، جعفر خالد نے کہا، '' یہ معاہدہ  پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے کیمارا فریم ورک کے ذریعے اپنے انٹیگریشن ایکو سسٹم کو جدید اور معیاری بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے ۔ اس عالمی معیار کی سہولت  کو اپنانے سے ہمارے ٹیکنالوجی آپریشنز آسان ہوں گے، کارکردگی اور رفتار میں اضافہ ہوگا، ٹائم ٹو مارکیٹ صلاحیت بہتر ہوگی، اور اس کے ساتھ ساتھ سروس کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔مستقبل میں پی ٹی سی ایل گروپ کو ڈویلپرز، ہائپر اسکیلرز، اسٹارٹ اپس اور کاروبار ی اداروں کے ساتھ مزید گہرا تعاون قائم کرنے ، نئے کاروباری ماڈل تشکیل دینے، نیٹ ورک کی صلاحیتوں کو منافع بخش بنانے، اور ڈیجیٹل ایکو سسٹم میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے کا موقع  ملے گا۔''

ریجنل ہیڈ برائے مشرقِ وسطیٰ و شمالی افریقہ، جی ایس ایم اے، جواد عباسی نے کہا، ''ہم پی ٹی سی ایل گروپ کو جی ایس ایم اے اوپن گیٹ وے انیشیٹو میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کی شمولیت پاکستان اور خطے بھر میں ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے میں مددگار ہوگی۔ پی ٹی سی ایل گروپ مشترکہ اے پی آئیز کے ذریعے نیٹ ورک صلاحیتوں تک رسائی دے کر اختراع، انٹرآپریبلٹی اور نئی ڈیجیٹل سروسز کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ تعاون 5G، انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) اور جدید ترین ایپلیکیشنز کی صلاحیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کے لیے نہایت اہم ہے۔''

یہ معاہدہ اس حقیقت کا مظہر ہے کہ پی ٹی سی ایل گروپ عالمی تعاون اور مقامی مہارت کے امتزاج سے صنعتوں، کاروباری اداروں اور صارفین کے لیے ڈیجیٹل خدمات کے مستقبل کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی