انڈیا کی سب سے بڑی ائیرلائن انڈیگو نے حالیہ آپریشنل بحران کے بعد مسافروں کو چھ ارب 10 کروڑ انڈین روپے کے ریفنڈز جاری کر دیے ہیں۔ ایئرلائن کے مطابق آپریشنز میں بہتری کے ساتھ پروازوں کی وقت کی پابندی میں بھی نمایاں بہتری سامنے آئی ہے، جبکہ متاثرہ مسافروں کو ان کے سفری بیگز بھی تیزی سے واپس کیے جا رہے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ایئرلائن نے بتایا کہ اتوار کو 75 فیصد پروازیں وقت پر روانہ ہوئیں، جب کہ اس سے ایک روز قبل سنیچر کو یہ شرح صرف 30 فیصد تھی۔ وقت کی پابندی میں بہتری انڈیگو کی جانب سے جاری اقدامات کا نتیجہ ہے جو بحران سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر کیے گئے۔
انڈیگو نے حالیہ دنوں میں آپریشنل مشکلات کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ کی تھیں، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں مسافر کئی روز تک مختلف ایئرپورٹس پر پھنسے رہے۔ تاہم ایئرلائن کا کہنا ہے کہ صورت حال اب تیزی سے بہتر ہو رہی ہے اور آپریشنز معمول کے مطابق بحال ہو رہے ہیں۔
ایئرلائن کے مطابق وہ 1650 سے زائد پروازیں آپریٹ کرنے کی راہ پر گامزن ہے، جب کہ سنیچر کو یہ تعداد 1500 تھی۔ انڈیگو نے مزید کہا کہ اس کے 138 میں سے 137 روٹس مکمل طور پر فعال ہو چکے ہیں، اور باقی آپریشنز بھی مرحلہ وار بحال ہونے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
انڈیگو نے اعلان کیا ہے کہ 15 دسمبر تک ہونے والی بکنگ کے لیے پرواز منسوخ کرنے یا تاریخ تبدیل کرنے پر کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔ اس کے ساتھ ریفنڈز کی ادائیگی اور سامان واپس کرنے کا عمل بھی مسلسل جاری ہے۔
کمپنی کے مطابق وہ دن رات کام کر رہی ہے اور مسافروں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔ ایئرلائن اب تک تین ہزار بیگ ان کے مالکان تک پہنچا چکی ہے۔ اس بحران کے دوران انڈیا کی وزارتِ سول ایویشن نے کہا تھا کہ انڈیگو کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے گئے تاکہ مسافروں کو کم سے کم پریشانی ہو۔ حکام کے مطابق باقی تمام ائیرلائنز معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں اور انڈیگو کی کارکردگی بھی مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں