موبی لنک بینک کا پاکستان بھر میں اسکل ڈویلپمنٹ، مالی شمولیت اور خواتین کی بااختیاری کیلئے NAVTTC سے اہم اشتراک


اسلام آباد ۔ پاکستان کے صف اول کے ڈیجیٹل مائیکروفنانس بینک، موبی لنک بینک نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن۔ نیوٹیک(NAVTTC) کے ساتھ اہم اشتراک کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد اسکلز ڈویلپمنٹ کو مضبوط بنانا، مالی شمولیت کو فروغ دینا اور پاکستان بھر کے نوجوانوں بالخصوص خواتین کو بہتر معاشی مواقع فراہم کرنا ہے۔

اس شراکت داری کے تحت موبی لنک بینک، نیوٹیک کے زیرِ انتظام اداروں میں مفت فنانشل لٹریسی ٹریننگ فراہم کرے گا، اور جاز اور نیوٹیک کے شی فیکسز(She Fixes) پروگرام کے ذریعے ڈیجیٹل خواندگی کے اقدامات کو مزید تقویت دی جائے گی۔ بینک اس پروگرام کے شرکاء کے لیے فوری ڈیجیٹل اکاؤنٹ اوپننگ کی سہولت بھی فراہم کرے گا تاکہ وہ باآسانی مالی خدمات تک باضابطہ رسائی حاصل کر سکیں۔ اس کے علاوہ نیوٹیک کے گریجویٹس اور نئے کاروبار شروع کرنے والے افراد کو چھوٹے و درمیانی کاروبار کے لئے فنانسنگ سہولتیں بھی دی جائیں گی تاکہ وہ اپنے چھوٹے کاروبار کو آگے بڑھا سکیں،بینک کی جانب سے مفت آن لائن بینکنگ خدمات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ لوگوں میں محفوظ طریقے سے ڈیجیٹل بینکنگ کی قبولیت بڑھے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس شراکت داری میں موبی لنک بینک کی ایپ کے ذریعے ورچوئل میڈیکل کنسلٹیشنز کی سہولت بھی شامل ہے، جبکہ نیوٹیک کے ملازمین اور اس سے الحاق شدہ اراکین کے لیے ہیلتھ انشورنس کے خصوصی پیکجز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔



اس معاہدے کی دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے موبی لنک بینک کے پریذیڈنٹ اور سی ای او، حارث محمود چوہدری نے کہا، '' نیوٹیک کے ساتھ یہ اشتراک ایک اہم قدم ہے، جس سے پاکستان زیادہ بااختیار، ڈیجیٹل طور پر مستحکم اور خواتین کی شمولیت کی بدولت ترقی کے پائیدار سفر پر آگے بڑھے گا۔ موبی لنک بینک اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ پائیدار ترقی اسی وقت ممکن ہے جب لوگوں کو درست اسکلز، ڈیجیٹل ٹولز اور مالی خدمات تک آسان رسائی فراہم کی جائے۔ ہم نوجوان کاروباری افراد بالخصوص خواتین کی حوصلہ افزائی کے ذریعے ان کی معاشی ترقی کو مستحکم بنانا چاہتے ہیں تاکہ وہ تیزی سے بدلتے ہوئے اسکل بیسڈ مستقبل میں بااعتماد انداز میں آگے بڑھ سکیں۔''

نیوٹیک کی چیئرپرسن، گلمینہ بلال احمد نے بھی اس موقع پر ملک بھر کے ہنرمند نوجوانوں کے لیے مساوی مواقع بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا، اور اس اشتراک کو پاکستان میں ہر طبقے کی معاشی سطح پر شمولیت کے ایجنڈے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

دونوں ادارے بالخصوص خواتین کی شمولیت، ماحول دوست اور موسم سے ہم آہنگ مہارتوں، اور نوجوان گریجویٹس کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔یہ اقدام ملک بھر میں ہزاروں ٹرینی افراد کے لیے مالی اور ڈیجیٹل خواندگی کو بہتر بنانے، کاروبار کے مواقع بڑھانے اور بنیادی سہولیات سے محروم آبادی کی معاونت میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ اشتراک موبی لنک بینک کے جاری اقدامات کو مزید مستحکم بناتا ہے جو مالی شمولیت اور خواتین کی معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی