پاکستانی گلوکارہ شائے گل اسپاٹیفائی کے ریڈار پاکستان 2026 کی فیچرڈ آرٹسٹ کا اعزازحاصل کرلیا

اسپاٹیفائی نے شائے گل کو ریڈار پاکستان کی فیچرڈ آرٹسٹ کے طور پر منتخب کرلیا



کراچی :  ملک کی ابھرتی ہوئی نمایاں گلوکارہ، شائے گل نے اسپاٹیفائی کے ریڈار پاکستان میں سال 2026کی فیچرڈ آرٹسٹ کا اعزازحاصل کرلیا۔ شائے گل نے اپنی منفرد آواز اور جدید و روایتی موسیقی کے خوبصورت امتزاج کے ذریعے ملکی اور عالمی سطح پر سامعین کے دل جیت لئے ہیں۔

شائے گل کی اس کامیابی کو سراہنے کے ساتھ اسپاٹیفائی ان کے تازہ پنجابی گیت 'انسیکیورٹی' (Insecurity) کو سامنے لارہا ہے، جو اپنے نام کے مطابق اندرونی کشمکش اور احساسات کو مؤثر انداز میں بیان کرتا ہے۔ ریلیز کے بعد اب تک یہ گانا 2 لاکھ 56 ہزار سے زائد بار سنا جا چکا ہے اور مسلسل سامعین میں مقبولیت حاصل کررہا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ، دنیا کا سب سے مقبول اسٹریمنگ پلیٹ فارم، اسپاٹیفائی اپنے گلوبل آرٹسٹ ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت خصوصی منی ڈاکیوسیریز پیش کرے گا، جن میں بطور گلوکارہ شائے گل کے ذاتی اور پیشہ ورانہ سفر کو دکھایا جائے گا۔گزشتہ ایک ماہ کے دوران شائے گل کی شاندار آواز نے پاکستان کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی لوگوں کے دلوں کو گھر کرلیا ہے۔ امریکہ، برطانیہ، بنگلہ دیش اور کینیڈا سمیت کئی ممالک میں ان کے گیتوں کو پسند کیا جارہا ہے۔

مزید یہ کہ سال 2025 میں ریلیز ہونے والے ان کے گیت ''گِلہ'' اور“Staring At Me”کی جدید دھنوں نے ان کے منفرد انداز کو اجاگر کیا اور گلوکاری کی دنیا میں ان کی شناخت کو مزید مستحکم کیا۔





اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شائے گل نے کہا، ''اسپاٹیفائی ریڈار آرٹسٹ کے طور پر انتخاب میرے لئے باعث افتخار ہے اور میں اسکے کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہوں۔ یہ سال میرے لیے سیکھنے کا سال رہا ہے اور میں امید کرتی ہیں کہ یہ سفر آئندہ برسوں میں بھی اسی طرح جاری رہے گا۔ میں مسلسل خود کو بہتر بنانے کی کوشش کرتی ہوں اور اس وقت میری پوری توجہ سولو گیت بنانے پر مرکوز ہے۔ میرے نزدیک بطور گلوکار اپنی آواز اور پہچان کی تلاش ایک نہایت پُرجوش مرحلہ ہے، بالخصوص جب میں لوگوں کی پسندیدگی ملاحظہ کرتی ہوں۔''

اسپاٹیفائی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی آرٹسٹ اینڈ لیبل پارٹنرشپس منیجر، رُطابہ یعقوب نے کہا، ''سولو اور اوریجنل گانوں کے ذریعے شائے گل کی گلوکاری کا سفر ایک دلچسپ موڑ لے رہا ہے۔ ان کے 'انسیکورٹی' (Insecurity) جیسے گانوں میں شائے گل کو اپنی آواز اور دھنوں کے ذریعے نمایاں پہچان حاصل ہورہی ہے۔ ریڈار پروگرام کا مقصد ایسے گلوکاروں کی ان مواقع پر حوصلہ افزائی کرنا ہے جب ان کی تخلیقی صلاحیت عروج پر ہو، اور اسی وجہ سے پذیرائی حاصل کرنے والوں میں شائے گل بھی شامل ہیں۔''

ریڈار پاکستان، اسپاٹیفائی کے عالمی ریڈار پروگرام کا حصہ ہے، جس کا مقصد دنیا بھر میں ابھرتے ہوئے گلوکاروں کے آگے بڑھنے کے لئے ضروری ٹولز، پہچان اور تعاون فراہم کرنا ہے تاکہ وہ گلوکاری کی دنیا میں اپنا مستحکم اور پائیدار کیریئر بنا سکیں۔ شائے گل جیسے مقامی ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرکے اسپاٹیفائی مقامی گلوکاروں کو مزید تقویت دے رہا ہے اور ان کی موسیقی اور کہانیوں کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے سامعین تک پہنچا رہا ہے۔ اس وقت 183 ممالک میں فعال یہ پروگرام اب تک ایک ہزار سے زائد گلوکاروں کی معاونت کر چکا ہے اور موسیقی میں نئے رجحانات، رابطوں اور ثقافتی اثرات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی