لاہور: پنجاب حکومت نے وی آئی پیز کی سکیورٹی اور نقل و حرکت کو مزید مؤثر بنانے کیلئے 52 کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کی نئی گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 32 جدید گاڑیاں سرکاری بیڑے میں شامل کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت 20 ٹویوٹا فارچیونر سگما 4×4 گاڑیاں خریدی جائیں گی جن پر 37 کروڑ 27 لاکھ روپے خرچ ہوں گے، جبکہ وی آئی پیز کی نقل و حرکت اور سکیورٹی ڈیوٹی کیلئے 12 ہائی لکس 4×4 گاڑیاں بھی حاصل کی جائیں گی جن کیلئے 11 کروڑ 26 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ان گاڑیوں میں وی آئی پیز کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے جدید سکیورٹی آلات نصب کئے جائیں گے جن میں نائٹ وژن سسٹم، تھرمل کیمرے اور دیگر جدید ٹیکنالوجی شامل ہوں گی تاکہ حساس مواقع پر سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ خزانہ کی جانب سے ٹویوٹا فارچیونر کو لگڑری گاڑی قرار دیتے ہوئے بعض اعتراضات بھی سامنے آئے تھے، تاہم ٹرانسپورٹ ونگ کی سفارشات اور سکیورٹی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبے کی منظوری دے دی۔حکام کے مطابق خریدی جانے والی گاڑیاں موٹر ٹرانسپورٹ ونگ کے ذریعے استعمال اور دیکھ بھال کیلئے فراہم کی جائیں گی اور انہیں اہم سکیورٹی ڈیوٹی اور وی آئی پیز کی نقل و حرکت کے دوران استعمال کیا جائے گا۔
ادھر سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں وی وی آئی پیز کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، جس کے تحت اہم سکیورٹی مقامات پر جدید نگرانی کا نظام نصب کیا جائے گا۔ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اس منصوبے کیلئے 1 کروڑ 60 لاکھ 30 ہزار روپے مختص کرنے کی تجویز کابینہ کو ارسال کر دی گئی ہے، جس کا مقصد سکیورٹی ڈویڑن لاہور میں نگرانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔.
سورس ڈیلی پاکستان

ایک تبصرہ شائع کریں