کراچی، پاکستان میں BYD کی آفیشل پارٹنر، میگا موٹر کمپنی (ایم ایم سی) نے ملک میں نیو انرجی وہیکلز (NEV) کے بڑھتے ہوئے رجحان کا ایک بڑا اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ کمپنی نے ایک ہی دن میں ملک بھر کے صارفین کو 100 عدد Atto 2 گاڑیاں فراہم کردیں۔
یہ بڑی پیش رفت BYD کی پاکستان میں پہلے سے جاری لانچز اور ڈیلیوری کے تسلسل کا حصہ ہے، جو اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کو تیزی سے اپنایا جا رہا ہے اور سڑکوں پر ان کی موجودگی بڑھ رہی ہے۔یہ جدید گاڑیاں مختلف شہروں میں BYD کے ایکسپیرینس سینٹرز اور ڈیلرشپس کے ذریعے بیک وقت فراہم کی گئیں، جو پاکستان میں کمپنی کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک اور صارفین تک رسائی کو ظاہر کرتی ہیں۔
بی وائی ڈی کی جانب سے شہری استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے Atto 2 گاڑی تیار کی گئی جو عملی اور کم خرچ الیکٹرک ڈرائیونگ کا حل فراہم کرتی ہے، خاص طور پر اُن صارفین کے لیے جو روایتی ایندھن والی گاڑیوں کا متبادل چاہتے ہیں۔ فیول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں یہ گاڑی مناسب قیمت، جدت انگیز ٹیکنالوجی، جدید ڈیزائن اور روزمرہ استعمال کی سہولت کے ساتھ الیکٹرک موبیلٹی کو زیادہ لوگوں تک پہنچا رہی ہے۔
اسکے علاوہ، بی وائی ڈی نے حال ہی میں اپنی فلیگ شپ Sealion 7 بھی پاکستان میں متعارف کروائی ہے، جس کی فراہمی کا آغاز ہو چکا ہے۔ ان دونوں گاڑیوں کے ماڈلز پاکستان میں کمپنی کے بڑھتے ہوئے نیو انرجی وہیکل پورٹ فولیو کی عکاسی کرتے ہیں، مختلف صارفین کے لیے جدید الیکٹرک موبیلٹی کے حل پیش کرتے ہیں اور ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کی بدلتی ہوئی مارکیٹ میں کمپنی کی موجودگی کو مزید مستحکم بنا رہے ہیں۔
اس موقع پر بی وائی ڈی پاکستان کے کنٹری ہیڈ، لی جِیان کا کہنا تھا، ''نیو انرجی موبیلٹی کے حوالے سے بی وائی ڈی کے عالمی وژن میں پاکستان ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ ہم یہاں اپنے پورٹ فولیو کو وسعت دینے کے ساتھ بات پر بھی توجہ دے رہے ہیں کہ جدید الیکٹرک گاڑیوں کی ٹیکنالوجی زیادہ سے زیادہ صارفین تک پہنچے اور ملک صاف اور پائیدار ٹرانسپورٹ کی طرف تیزی سے آگے بڑھے۔''
بی وائی ڈی پاکستان۔ ایم ایم سی میں سیلز اینڈ اسٹریٹیجی کے وائس پریزیڈنٹ دانش خالق نے کہا، ''بی وائی ڈی پر صارفین کا اعتماد اور پائیداری ہماری ترجیح ہے۔ جیسے جیسے پاکستان کی سڑکوں پر BYDکی گاڑیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ صارفین کو نہ صرف جدید الیکٹرک گاڑیاں میسر آئیں بلکہ بہترین سروس اور کسمٹر کیئر کے ساتھ انہیں ایک مکمل اور آسان تجربہ بھی فراہم کیا جائے۔ الیکٹرک گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی صارفین کا اعتماد اس ٹیکنالوجی پر بڑھ رہا ہے۔''
بی وائی ڈی گاڑیوں کی ڈیلیوری تقریب میں Atto 2حاصل کرنے والے ایک صارف نے اپنے تاثرات میں کہا، ''بکنگ سے لے کر ڈیلیوری تک پورا عمل بہت آسان رہا اور آخرکار گاڑی وصول کرنے پر مجھے بڑی مسرت ہورہی ہے۔ عید سے قبل گاڑی کی ڈیلیوری ملنا میری فیملی کے لئے بھی ایک خاص لمحہ ہے۔ کمپنی کی ٹیم نے ہر مرحلے پر ہمیں اپڈیٹ رکھا اور ڈیلیوری تقریب بھی بہت منظم تھی۔''
بی وائی ڈی-ایم ایم سی کو توقع ہے کہ مزید گاڑیاں صارفین کو ملنے کے بعد پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کا رجحان مزید تیزی سے بڑھے گا اور صارفین کو روایتی ایندھن والی گاڑیوں کا ایک مؤثر اور جدید متبادل میسر آئے گا۔

ایک تبصرہ شائع کریں