اسلام آباد : پاکستان کی معروف ٹیلی کام و ڈیجیٹل سروسز کمپنیوں، پی ٹی سی ایل اور یوفون نے سال 2026 کے لیے کامیابی سے PCI DSS v4.0.1 سرٹیفیکیشن حاصل کر لی ہے، جو اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ پی ٹی سی ایل اور یوفون کارڈ ادائیگیوں کے دوران صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ اور بین الاقوامی سائبر سیکیورٹی معیارات پر سنجیدگی سے عمل پیرا ہیں۔
یہ سرٹیفکیشن عالمی سطح پر تسلیم شدہ پی سی آئی سیکیورٹی جائزہ کار، ’رسک ایسوسی ایٹس‘ کی جانب سے پی ٹی سی ایل اور یوفون کے کلاؤڈ انفراسٹرکچر اور کارڈ ہولڈر ڈیٹا انوائرمنٹ کے آزادانہ جائزے کے بعد دی گئی ہے۔ اس سرٹیفکیشن سے مضبوط سکیورٹی کنٹرولز کے نفاذ کی توثیق ہوتی ہے، جو ڈیٹا خلاف ورزیوں، فراڈ اور غیر مجاز رسائی سے متعلق خطرات کو کم کرنے کے لیے وضع کیے گئے ہیں، جبکہ اس سے محفوظ ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز پر صارفین کے اعتماد کو بھی تقویت ملتی ہے۔
اس کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے چیف ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن آفیسر، پی ٹی سی ایل و یوفون، جعفر خالد نے کہا، ’’PCI DSS v4.0.1 سرٹیفکیشن کا حصول عالمی سکیورٹی معیارات سے ہم آہنگی اور صارفین کی حساس معلومات کے تحفظ پر ہماری مسلسل توجہ کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘
رسک ایسوسی ایٹس کے منیجنگ ڈائریکٹر، کاشف حسن نے کہا، ’’پی ٹی سی ایل اور یوفون نے اپنے مستحکم کلاؤڈ انفراسٹرکچر اور محفوظ ڈیٹا ہینڈلنگ طریقہ کار کے ذریعے PCI DSS v4.0.1 کے تقاضوں سے مضبوط ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا ہے۔‘‘
اس کامیابی سے پاکستان بھر میں محفوظ، معیارات سے ہم آہنگ اور مستحکم ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی کے پی ٹی سی ایل اور یوفون کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔

ایک تبصرہ شائع کریں