موبی لنک بینک کا خواتین کو وراثتی حقوق کی فراہمی کیلئے لیگل ایڈ سوسائٹی سے اشتراک

اسلام آباد ؛ پاکستان کے صف اول کے ڈیجیٹل مائیکروفنانس بینک، موبی لنک بینک نے اپنی کاروباری سماجی ذمہ داری(CSR) اقدام کے تحت لیگل ایڈ سوسائٹی کے ساتھ اشتراک قائم کیا ہے۔ اس شراکت داری کا مقصد خواتین کو ان کے وراثتی حقوق کے حصول میں قانونی معاونت، متعلقہ خدمات فراہم کرنے اور آگہی بڑھانے کی کاوشوں کے ذریعے مدد فراہم کرنا ہے۔ یہ اقدام موبی لنک بینک کی مہمThe Invisible Heirsکا تسلسل ہے، جس کا مقصد خواتین کو درپیش پیچیدہ وراثتی مسائل اور معاشرتی رکاوٹوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور خواتین میں اپنے جائز حقِ وراثت کے دعوے اور معلومات سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔

اس اہم  شراکت داری کے تحت موبی لنک بینک خواتین کے قانونی مقدمات کے اخراجات میں معاونت فراہم کرے گا، جن میں موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والی نقل مکانی کے باعث دستاویزات کو نقصان پہنچنے سے متعلق وراثتی تنازعات، قدرتی آفات کے نتیجے میں خواتین کو ان کے وراثتی حقوق سے محروم کئے جانے کے علاوہ دیگر طریقوں سے خواتین کو جان بوجھ کر وراثت سے محروم رکھنا یا دباؤ ڈال کر انہیں حقِ وراثت سے دستبرداری جیسے مسائل کے سدباب کیلئے کاوشیں شامل ہیں۔ اس اقدام کے تحت کیس کا جائزہ، قانونی دستاویزات کی تیاری میں مدد، عدالت میں نمائندگی اور فیصلے تک مسلسل معاونت فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر موبی لنک بینک کے صدر اور سی ای او، حارث محمود چوہدری نے کہا، ”خواتین کی حقیقی مالی خودمختاری کے لیے ایک ایسا جامع نظام ضروری ہے جو صرف بینکنگ کی رسائی تک محدود نہ ہو۔ اس کا آغاز خواتین کو ان کے جائز اثاثوں،ترقی کے مواقع اور مالی فیصلوں میں خودمختاری کے حصول کو یقینی بنانے سے ہوتا ہے۔ لیگل ایڈ سوسائٹی کے ساتھ ہماری شراکت داری کا مقصد خواتین کو ان کا جائز حق دلانے میں مدد کرنا، انہیں معاشی استحکام اورخودمختاری کی جانب سفر میں تعاون فراہم کرنا ہے۔“




لیگل ایڈ سوسائٹی کی سی ای او، بیرسٹر حیا ایمان زاہد نے کہا،   ”انصاف تک رسائی اور معاشی آزادی لازم و ملزوم ہیں۔ بہت سی خواتین کے لیے وراثت صرف قانونی حق ہی نہیں بلکہ عزت، تحفظ اور خودمختاری کے حصول کا ذریعہ ہے۔ ہم موبی لنک بینک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس اہم اقدام کی حمایت کی اور ان خواتین کے لیے انصاف تک رسائی بڑھانے میں اپنا کردار ادا کیا جو اکثر قانونی اور مالیاتی نظام میں شمولیت سے محروم رہ جاتی ہیں۔“

موبی لنک بینک جدید مالیاتی ٹولز کے ذریعے خواتین کو انکے وراثتی حقوق سے آگاہ کرنے اور انہیں ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ اپنی The Invisible Heirs مہم کے تحت بینک نے پاکستان کا پہلا وراثتی کیلکولیٹر متعارف کروایا، جو اس کی Dost App  میں موجود ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین بالخصوص خواتین ایک آسان، شفاف اور شرعی طریقہ کار کے تحت وراثت میں اپنے حصے کا اندازہ لگا سکتی ہیں۔ ٹیکنالوجی سے آراستہ مالیاتی آگہی، قانونی معاونت اور کمیونٹی آگاہی کے امتزاج سے موبی لنک بینک ان منظم رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے کام کر رہا ہے جو خواتین کے جائز معاشی حقوق اور طویل المیعاد مالیاتی استحکام میں حائل ہیں۔

لیگل ایڈ سوسائٹی پاکستان میں خصوصاً خواتین اور محروم طبقات کے لیے انصاف تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے کام کر رہی ہے۔ یہ ادارہ اپنی قانونی آگاہی کے اقدامات کے ذریعے 8 کروڑ 70 لاکھ سے زائد افراد تک مدد پہنچا چکا ہے، 5 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ سوالات کے قانونی جوابات دے چکا ہے، اور 3 ہزار سے زائد مقدمات میں قانونی نمائندگی فراہم کر چکا ہے۔ یہ ادارہ ایک ایسے ماڈل پر کام کرتا ہے جس میں قانونی نمائندگی، لوگوں میں آگاہی، ثالثی (مصالحت) اور پالیسی سازی کے لیے مشاورت شامل ہیں۔ اس جامع طریقہ کار کے ذریعے لیگل ایڈ سوسائٹی نے انصاف کی رسائی آسان، اور قابلِ رسائی بنانے کی کاوشیں جاری رکھی ہیں۔

اس اقدام کے تحت خواتین کے مختلف طبقات میں آگاہی اور قانونی حقوق سے متعلق سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے، تاکہ خواتین کو وراثتی حقوق، انصاف تک رسائی اور مالی خودمختاری کی اہمیت کے بارے میں شعور حاصل ہو۔

یہ اشتراک موبی لنک بینک کے سماجی اثرات کے ہدف کو مزید تقویت دیتا ہے اور پاکستان میں ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے جہاں خواتین کو حقوق، وسائل اور ترقی کے مواقع تک مساوی رسائی حاصل ہو اور وہ ایک محفوظ اور بااختیار مستقبل کی جانب آگے بڑھ سکیں۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی