پاکستان سنگل ونڈو اور ٹڈاپ کے درمیان برآمدات کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

کراچی ؛ پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) نے برآمدات کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ اس اسٹریٹجک شراکت داری کا مقصد پاکستان کے تجارتی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کو تیز کرنا ہے، جس کے تحت ریگولیٹری کارکردگی کو بہتر بنانے اور برآمد و درآمد سے وابستہ کاروباری برادری کو جدید اور مربوط سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

پاکستان میں ڈیجیٹل تجارتی تبدیلی کے مرکزی ادارے کے طور پر پاکستان سنگل ونڈو، ٹی ڈی اے پی کے ساتھ مل کر برآمدی سہولت کاری کے عمل کو ہم آہنگ کرے گا اور ٹی ڈی اے پی کے اہم ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، بشمول پاکستان ٹریڈ پورٹل اینڈ ایکسپورٹرز ڈائریکٹری، کو پی ایس ڈبلیوکے وسیع تر نظام میں ضم کرے گا۔ اس انضمام کا مقصد تاجروں کو اہم تجارتی معلومات اور خدمات تک بغیر رکاوٹ اور حقیقی وقت میں رسائی فراہم کرنا ہے، تاکہ دستی طریقہ کار پر انحصار کم کیا جا سکے۔ جہاں پی ایس ڈبلیوان اصلاحات کے لیے ڈیجیٹل فریم ورک فراہم کرے گا، وہیں ٹی ڈی اے پی بطور ملک کا اہم تجارتی فروغی ادارہ کلیدی کردار ادا کرے گا۔ 





معاہدے کے تحت ٹی ڈی اے پی اپنے علاقائی دفاتر، تجارتی تنظیموں اور بین الاقوامی روابط کے وسیع نیٹ ورک کو استعمال کرتے ہوئے ان اسٹیک ہولڈرز کی نشاندہی اور شمولیت یقینی بنائے گا جو پی ایس ڈبلیوکی ڈیجیٹل اصلاحات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ٹی ڈی اے پی اپنے نمایاں مقامی ایونٹس میں پی ایس ڈبلیوکو خصوصی جگہ بھی فراہم کرے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جا سکے اور پیپر لیس تجارتی سہولیات کے استعمال کو فروغ دیا جا سکے۔یہ تعاون ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی پر بھی خصوصی توجہ دے گا۔ دونوں ادارے محفوظ تجارتی ڈیٹا کے اشتراک کے ذریعے مارکیٹ تجزیے اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو فروغ دیں گے، جس سے مقامی تجارتی برادری کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔ 

اس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کو عالمی منڈی کی ضروریات بہتر انداز میں سمجھنے اور پوری کرنے کے لیے مشترکہ طور پر برآمدی ٹول کٹس اور کمپلائنس چیک لسٹس کی تیاری بھی شامل ہے۔مفاہمتی یادداشت کا ایک اہم پہلو خواتین دوست تجارتی سہولت کاری پر توجہ دینا بھی ہے۔ پی ایس ڈبلیواور ٹی ڈی اے پی خواتین کی زیر قیادت کاروباری اداروں کی برآمدی تیاری اور ڈیجیٹل شمولیت کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔ اس میں WTO ایوارڈ یافتہ خدیجہ ویمن انٹرپرینیورشپ پروگرام سے وابستہ کاروباری خواتین کو ٹی ڈی اے پی کے سالانہ کاروباری منصوبے کے تحت منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائشوں اور وفود میں شرکت کی ترغیب دینا شامل ہے۔

پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آفتاب حیدر نے اس شراکت داری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اس شراکت داری کے تحت مشترکہ استعداد کار بڑھانے کے سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے، جن میں پی ایس ڈبلیو، ٹی ڈی اے پی افسران کو نئے ڈیجیٹل ماڈیولز اور ریگولیٹری اپڈیٹس سے متعلق تربیت فراہم کرے گا۔ اس اقدام سے دونوں ادارے تجارتی برادری کو یکساں اور معیاری رہنمائی فراہم کر سکیں گے، جس سے پاکستان کے اسٹریٹجک بحری اور تجارتی کردار کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی