اسلام آباد - ملک کی معروف ٹیلی کمیونی کیشن و آئی سی ٹی سروسز کمپنی، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے سماعت سے محروم افراد کے بہبود کیلئے کام کرنے والے ادارے، کنیکٹ ہیئر (ConnectHear) کے تعاون سے اپنے کسٹمر کیئر سینٹرز پر مصنوعی ذہانت کی مدد سے اشاروں کی زبان سمجھنے اور گفتگو کرنے والی خصوصی سہولت ’صلہ‘ (SILA) متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ سماعت سے محروم افراد کیلئے تیار کردہ اس سہولت کا آغاز کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے کیا جائے گا۔
یہ اقدام پی ٹی سی ایل کی جانب سے معاشرے میں بلا تفریق شمولیت یقینی بنانے اور قابلِ رسائی کسٹمر تجربہ فراہم کرنے کے عزم کا اظہار ہے، جس کے تحت مختلف صلاحیتوں کے حامل صارفین کی کمپنی کی خدمات تک یکساں رسائی میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ صلہ کے ذریعے سماعت سے محروم صارفین کسٹمر کیئر نمائندوں کے سامنے انسانی مترجم کی معاونت پر انحصار کیے بغیر اشاروں کی زبان میں اپنے سوالات اور ضروریات کا براہ راست اظہار کرسکیں گے ۔ یہ شراکت داری سماعت سے محروم اور کم سننے والے افراد کی خدمات تک رسائی بہتر بنانے کے سلسلے میں کنیکٹ ہیئر کے ساتھ پی ٹی سی ایل کے جاری تعاون کا تسلسل ہے۔
شراکت داری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل کے چیف مارکیٹنگ آفیسر عماد خان نے کہا، ” کنیکٹ ہیئر کے ساتھ ہماری شراکت داری گزشتہ برسوں کے دوران کئی اہم سنگ میل عبور کر چکی ہے۔ ہم نے اس سلسلے کا آغاز صارفین سے براہِ راست رابطے میں رہنے والی اپنی ٹیموں کی آگاہی اور تربیت سے کیا اور اب ٹیکنالوجی کے استعمال سے سماعت سے محروم افراد کی رسائی میں درپیش اہم رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمارا پختہ یقین ہے کہ رابطہ کاری اسی وقت موثر ہوتی ہے جب وہ ہر فرد کو شرکت کا یکساں موقع فراہم کرے۔ ہم جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مساوی رسائی میں بہتری لا رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ہر صارف وقار اور خودمختاری کے ساتھ ہم سے رابطہ کر سکے۔“
یہ بھی پڑھیں: بی وائی ڈی کا گھارو میں نئی انرجی گاڑیوں کا پلانٹ 2026 کی آخری سہ ماہی میں فعال ہونے کا امکان
کنیکٹ ہیئر کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور شریک بانی عظیمہ دھانجی نے کہا، ”پی ٹی سی ایل کے ساتھ ہماری شراکت داری اس بات کی مثال ہے کہ جب ادارے ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کو مستقل بنیادوں پر آگے بڑھاتے ہیں تو بہت کچھ ممکن ہو سکتا ہے۔ کنیکٹ ہیئر کے مصنوعی ذہانت پر مبنی اشاروں کی زبان کے ایجنٹ کے ذریعے ہم یہ اہم قدم اٹھا رہے ہیں، جس سے کسٹمر سروس کے عمل میں اشاروں کی زبان کے ذریعے براہِ راست رابطہ ممکن ہوگا۔ ہمیں پی ٹی سی ایل کے ساتھ اس سفر کو آگے بڑھانے اور ایسے پاکستان کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر ہے جہاں رسائی روزمرہ خدمات کا لازمی حصہ ہو۔“
اس شراکت داری کے تحت پہلے بھی سماعت سے محروم افراد کے لیے مؤثر ٹیکنالوجی سہولیات متعارف کرا ئی جا چکی ہیں ، جن میں سُنو (SUNO) بھی شامل ہے۔ یہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ابتدائی انتباہی نظام ہے، جس کے ذریعے قدرتی اور انسانی ساختہ آفات کے دوران اہم ہنگامی اطلاعات اشاروں کی زبان میں واٹس ایپ کے ذریعے فراہم کی جاتی ہیں، جس سے سماعت سے محروم افراد کو بروقت معلومات کی فراہمی اور خطرات کے تحفظ میں مدد ملتی ہے۔حالیہ اقدامات پی ٹی سی ایل اور کنیکٹ ہیئر کے اس مشترکہ یقین کی عکاسی کرتے ہیں کہ ٹیکنالوجی معاشرے میں مساوات کو فروغ دینے کے مؤثر ترین ذرائع میں سے ایک ہے اور جامع معاشی و سماجی ترقی کے لیے ایک اہم ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں