اینگرو فرٹیلائزرز کی گاڑیوں کی لازمی ایمیشن ٹیسٹنگ سے متعلق حکومتِ پنجاب کی آگاہی مہم میں معاونت

کراچی،12 اکتوبر:اینگرو فرٹیلائزرز نے حکومتِ پنجاب کی جانب سے گاڑیوں کی لازمی ایمیشن ٹیسٹنگ کے حوالے سے شروع کی گئی عوامی آگاہی مہم میں معاونت کی ہے۔ اس مہم کا مقصد صوبے میں فضائی معیار کو بہتر بنانے اور صحت مند ماحول کے فروغ کے لیے عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے۔

 

مہم کے تحت گاڑی مالکان کو اپنی گاڑیوں کی ایمیشن ٹیسٹنگ کرانے اور مقررہ ماحولیاتی معیار پر پورا اترنے کی صورت میں تصدیقی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ پائیدار ماحول کا قیام مشترکہ ذمہ داری ہے، اس لیے اس مہم کے ذریعے عوام میں یہ شعور اجاگر کیا جارہا ہے کہ صاف ہوا کے فروغ میں ہر فرد اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔


 

پہلے مرحلے میں اس مہم کا آغاز صوبائی دارالحکومت لاہور سے کیا جارہا ہے، جہاں پیٹرول اور ڈیزل انجن (ICE) والی تمام گاڑیوں کے لیے 15 اکتوبر 2026 تک ایمیشن ٹیسٹنگ اور تصدیقی سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہے۔


یہ مہم اینگرو  فرٹیلائزرز کے THRIVE فریم ورک سے ہم آہنگ ہے، جو صحت مند اور پائیدار مستقبل کے قیام کے لیے کمپنی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس فریم ورک کا ایک اہم ستون ’توانائی اور اخراج کی ذمہ دارانہ نگرانی‘ (Energy & Emissions Stewardship) ہے، جس کے تحت اینگرو  فرٹیلائزرز نہ صرف اپنے صنعتی آپریشنز میں ماحولیاتی ذمہ داری کو یقینی بناتی ہے بلکہ قومی سطح پر بھی ایسے اقدامات میں معاونت کرتی ہے۔

 

مقررہ ماحولیاتی معیارات پر پورا اترنے والی گاڑیاں صاف ہوا کے فروغ میں مدد دیتی ہیں۔ گاڑیوں کی بروقت ایمیشن ٹیسٹنگ اور سرٹیفکیشن کے ذریعے مالکان موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے صاف ستھرا اور صحت مند ماحول یقینی بنانے میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی