موبی لنک بینک کو وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت بہترین کارکردگی پر ایوارڈ سے نوازا گیا

موبی لنک بینک کی  بینکنگ انڈسٹری میں پوزیشن مزید مضبوط، وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت بہترین کارکردگی پر ایوارڈ حاصل کرلیا


بینک نے ملک بھر میں کم آمدنی والے طبقوں کو 6 بلین روپے سے زائد کے قرضے فراہم کیے


موبی لنک بینک کو وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت بہترین کارکردگی پر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ موبی لنک بینک ان پانچوں بینکوں میں شامل ہے جنہیں یہ اعزاز دیا گیا۔ موبی لنک بینک نے اس پروگرام کے تحت ملک بھر میں 6 بلین روپے سے زائد کے قرضے فراہم کیے ہیں۔موبی لنک بینک اس اعزاز کے حصول میں واحد مائیکرو فنانس ادارہ ہے جبکہ ایوارڈ حاصل کرنے والے دیگر بینکوں میں یونائیٹڈ بینک، حبیب بینک، بینک الفلاح اور میزان بینک شامل ہیں۔

موبی لنک بینک کے چیف بزنس آفیسر عطا الرحمن کی قیادت میں بینک نے قومی سطح پر ہائوسنگ فنانس کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا جنہوں نے  جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے معتبر ایوارڈ وصول کیا۔ تقریب میں وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت شہریوں کو 100 بلین روپے سے زائد کے قرضے فراہم کرنے کا  سنگ میل عبور کرنے کا جشن منایا گیا۔ وزیراعظم نے پروگرام پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ چھ ماہ کے دوران 1000بلین  روپے کے قرضوں کی فراہمی کا بڑا ہدف مقرر کیا۔




ایوارڈ کے حصول پراظہار خیال  کرتے ہوئے حارث ایم چوہدری، صدر و سی ای او، موبی لنک بینک نے کہا 

''اپنا گھر ہر پاکستانی خاندان کا خواب ہے لیکن کم آمدن والے بہت سے خاندانوں کیلئے اس کا حصول ابھی بھی دسترس میں نہیں ہے۔ میرا خیال  ہے کہ مالی وسائل کی کمی لوگوں کی بنیادی ضرورت پوری کرنے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننی چاہیے۔ موبی لنک بینک میں ہم ہائوسنگ مالیاتی سہولیات کو زیادہ قابل رسائی اور آسان بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ  قومی اقدام میں ہمارے کردار کا اعتراف کیا گیا اور ہم حکومت اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ایسے پروگرام کو آگے بڑھایا جو زیادہ سے زیادہ خاندانوں کے اپنے گھر کا خواب پورا کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔

 ملک گیر وسیع نیٹ ورک کے ساتھ اور ڈیجیٹل ذرائع سے مالی شمولیت کے عزم کے تحت موبی لنک بینک کم آمدنی والے اور پسماندہ طبقات کیلئے روایتی بینکنگ خدمات تک رسائی مسلسل بڑھا رہا ہے۔ اپنا گھر پروگرام کے تحت بینک کی نمایاں کارکردگی ظاہر کرتی ہے کہ ملک میں رہائشی ضروریات پوری کرنے اور زیادہ سے زیادہ خاندانوں کو اپنا گھر فراہم کرنے کے حکومتی منصوبے میں مالیاتی ادارے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر اعلی حکومتی عہدیداروں، سفارتکاروں اور بینکنگ شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی