اس ادارہ جاتی شراکت داری کے تحت اسکولوں سے باہر بچوں کے لیے ڈیجیٹل مائیکرو اسکولز قائم کیے جائیں گے، جن کا آغاز لاہور سے ہوگا اور بعد ازاں اس نیٹ ورک کو ملک بھر میں وسعت دی جائے گی۔
لاہور، پاکستان بھر کی پسماندہ اور تعلیمی سہولیات سے محروم آبادیوں تک منظم اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم براہِ راست پہنچانے کے لیے ایک نئے ملک گیر اقدام کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ہزاروں اسکول سے باہر بچوں کو بنیادی خواندگی اور حساب کتاب کی تعلیم فراہم کرنا ہے۔
اس اقدام کو عملی شکل دینے کے لیے وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن (FEF) اور ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن (TTWF) نے ڈیجیٹل مائیکرو اسکولز کا نیٹ ورک قائم کرنے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔ لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں دستخط کیے گئے اس معاہدے کے تحت دونوں اداروں کے درمیان باضابطہ شراکت داری قائم کی گئی ہے، جس میں وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن کے ملک گیر تنظیمی نیٹ ورک اور کاروباری قیادت کو ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن کے آزمودہ ڈیجیٹل تعلیمی ماڈل کے ساتھ یکجا کیا گیا ہے۔
پاکستان کو دنیا کے سنگین ترین تعلیمی چیلنجز میں سے ایک کا سامنا ہے، جہاں 2 کروڑ 60 لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن اور ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن کے درمیان یہ شراکت داری الگ تھلگ اور انفرادی طور پر چلنے والے منصوبوں کے بجائے ایک مربوط اور ادارہ جاتی ماڈل کے ذریعے اس بحران سے بڑے پیمانے پر نمٹنے کے لیے تشکیل دی گئی ہے۔
وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن کی سربراہی میں اس اقدام کے ذریعے پاکستان کے نجی شعبے اور مقامی برادریوں کی قیادت کو متحرک کیا جائے گا تاکہ تعلیمی سہولیات تک رسائی کی ذمہ داری مقامی سطح پر براہِ راست سنبھالی جا سکے۔ وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن ایک جامع تنظیمی ڈھانچہ اور انتظامی نظام فراہم کرے گی، جس کی رہنمائی ایک ایسے بورڈ کے ذریعے کی جائے گی جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں کی نمائندگی موجود ہے۔ ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن تعلیمی حکمت عملی، ڈیجیٹل تعلیمی ماڈل اور اس پر عمل درآمد کے طریقہ کار کی ذمہ داری سنبھالے گی، جبکہ اس ضمن میں کم وسائل اور دور دراز علاقوں میں تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے اپنے تجربے سے استفادہ کرے گی۔
شراکت داری کے پہلے مرحلے میں لاہور میں ڈیجیٹل مائیکرو اسکولز کا ایک گروپ قائم کیا جائے گا، جبکہ طویل المدتی منصوبے کے تحت اس ماڈل کو ملک بھر کے مختلف اضلاع تک وسعت دی جائے گی۔ ہر ڈیجیٹل مائیکرو اسکول ایک چھوٹا، مقامی آبادی پر مبنی تعلیمی مرکز ہوگا، جہاں تربیت یافتہ معاونین بچوں کو ٹیبلٹس پر دستیاب کھیلوں کی طرز پر تیار کردہ تعلیمی ایپلی کیشنز کے ذریعے سیکھنے میں رہنمائی فراہم کریں گے۔ بچے اپنی رفتار کے مطابق بنیادی خواندگی اور حساب کتاب کی مہارتیں حاصل کریں گے۔ اس طریقہ کار کے ذریعے ایسے بچے بھی تیزی سے تعلیم کا آغاز کر سکیں گے جنہوں نے کبھی اسکول نہیں دیکھا یا تعلیم ادھوری چھوڑ دی ہے، اور وہ اس تعلیمی سلسلے کو جاری رکھ سکیں گے۔
یہ ماڈل پاکستان میں ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن کے پہلے سے جاری کامیاب کام پر استوار ہے۔ اس وقت فاؤنڈیشن 250 سے زائد ڈیجیٹل اسکولوں کے ذریعے 25 ہزار سے زیادہ طلبہ کو تعلیمی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ آزادانہ جائزوں کے مطابق اس پروگرام کے نتیجے میں بنیادی تعلیمی صلاحیتوں میں بہتری آئی ہے، جبکہ لڑکیوں میں بھی حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن کے ساتھ نئی شراکت داری کا مقصد اس کامیاب اور آزمودہ طریقہ کار کو مزید وسیع ادارہ جاتی ڈھانچے کے تحت فروغ دینا ہے۔
ایم او یو پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے پاکستان سے ناخواندگی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے اسکولوں سے باہر تمام بچوں کو تعلیمی مراکز تک لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن اور ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن کے درمیان یہ مفاہمتی یادداشت اس سلسلے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔
ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن کے بانی شفیق خان نے کہا ’’ہر بچے کو سیکھنے کا موقع ملنا چاہیے، چاہے وہ کہیں بھی پیدا ہوا ہو۔ ہمارے ڈیجیٹل مائیکرو اسکولز نے مختلف برادریوں میں یہ ثابت کیا ہے کہ ایسے بچے جنہوں نے کبھی کلاس روم میں قدم نہیں رکھا، وہ بھی چند ماہ کے اندر پڑھنا اور بنیادی حساب کتاب کرنا سیکھ سکتے ہیں۔ وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن کے ساتھ یہ شراکت داری ہمارے اس ماڈل کو تنظیمی سطح پر وہ وسعت فراہم کرے گی جس کے ذریعے اسے علاقائی سطح سے نکال کر ملک گیر اقدام میں تبدیل کیا جا سکے گا۔‘‘
ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن کے صدر ارشد انیس نے کہا ’’یہ ایک ادارہ جاتی شراکت داری ہے، نہ کہ محض ایک وقتی اقدام۔ وفاقی تعلیمی فاؤنڈیشن کی تنظیمی قوت اور ٹیچ دی ورلڈ فاؤنڈیشن کے آزمودہ ڈیجیٹل تعلیمی ماڈل کو یکجا کرکے ہم ایسا نظام تشکیل دے رہے ہیں جو اسکولوں سے باہر بچوں کی نشاندہی کرے گا، انہیں مائیکرو اسکولز میں لائے گا اور انہیں تیز رفتار تعلیمی سہولیات فراہم کرے گا۔
پاکستان کے تعلیمی بحران کا حل کسی ایک ادارے کے تنہا کام کرنے سے ممکن نہیں۔ اس کے لیے اداروں، کاروباری شعبے اور مقامی برادریوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، اور یہی وہ مقصد ہے جس کے حصول کے لیے یہ معاہدہ کیا گیا ہے۔‘‘
دونوں فاؤنڈیشنز آئندہ چند ہفتوں کے دوران منصوبے کے عملی امور کو حتمی شکل دیں گی، جبکہ پہلے پانچ ڈیجیٹل مائیکرو اسکولز کھولنے کی تیاریاں جاری ہیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں