پاکستان میں معیاری ویڈیواسٹریمنگ کی فراہمی کیلئے پی ٹی سی ایل نے اوٹی ٹی پلیٹ فارم’شوق‘متعارف کرادیا

ای اینڈ (گزشتہ اتصالات) کے ذیلی ادارے، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)نے پاکستان میں ڈیٹا صارفین کو بے مثال ویڈیو اسٹریمنگ کا تجربہ فراہم کرنے کے لیے اپنے نئے اوور۔ دی۔ ٹاپ (او ٹی ٹی) پلیٹ فارم، ’شوق‘ کا آغاز کردیا ہے۔


پاکستان میں معیاری ویڈیواسٹریمنگ کی فراہمی کیلئے پی ٹی سی ایل نے اوٹی ٹی پلیٹ فارم’شوق‘متعارف کرادیا


’شوق‘ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے تمام پاکستانی شہریوں کو بااختیار بنانے کے پی ٹی سی ایل کے دیرینہ عزم کے تحت بہترین اور منتخب تفریحی مواد کے ایک وسیع ذخیرے تک تمام ڈیٹا صارفین کو باسہولت رسائی دے گا، تاکہ سب لوگ یکساں طور پر معیاری تفریح سے لطف اندوز ہوسکیں۔

نئے پلیٹ فارم کا افتتاح کراچی میں ایک خصوصی تقریب میں کیا گیا جس میں پی ٹی سی ایل اور یوفون کے صدر اور گروپ سی ای او حاتم بامطرف، سی ای او ای اینڈ لائف، خلیفہ الشمسی، سی ای او ای ویژن اولیور بریملی، اسٹارزپلے کے سی ای او اور شریک بانی، معاذ شیخ، پی ٹی سی ایل اور یوفون کے اعلیٰ حکام، پاکستانی ٹیلی کام وڈیجیٹل انڈسٹری کے رہنماؤں، شوبز شخصیات، میڈیا نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ ’شوق‘ ای اینڈ لائف کے میڈیا و انٹرٹینمنٹ کے شعبے،

ای ویژن کے تعاون سے کم ترین نرخوں میں اعلیٰ ترین معیار کے مواد تک رسائی فراہم کرکے پاکستان میں معیاری تفریح تک رسائی کی خلیج کو ختم کرے گا۔ اس شراکت داری کے تحت پی ٹی سی ایل اور دیگر ڈیٹا صارفین کو وارنر برادرز، پیراماؤنٹ، ٹووینٹی ایتھ سنچری فاکس اور دیگر بڑے ہالی ووڈ اسٹوڈیوز کے میڈیا اور تفریحی مواد، بلاک بسٹر فلموں اور سیزنز تک رسائی ملے گی۔

جبکہ‘شوق‘ پر ایک سو معروف مقامی اور بین الاقوامی لائیو ٹی وی چینلز، پاکستانی فلمیں اور اویجنل مواد بھی دستیاب ہوگا تاکہ پورے خاندان کی تفریحی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔اس موقع پر پی ٹی سی ایل اور یوفون کے صدر اور گروپ سی ای او،حاتم بامطرف نے کہا کہ ”ہم تمام ڈیٹا صارفین کو پریمیم انٹرٹینمنٹ اور نیوز مواد فراہم کرنے کے لئے پاکستان کا سب سے بڑا او ٹی ٹی پلیٹ فارم متعارف کرانے پر خوش ہیں۔

انٹرنیٹ کی بڑھتی ہوئی رسائی کے ساتھ، پاکستان کو ایک اعلی معیار کی مقامی او ٹی ٹی سروس کی ضرورت تھی، تاکہ لوگوں کے ذوق اور شوق کے مطابق سستا تفریحی مواد فراہم کیا جاسکے۔’شوق‘ لوگوں کی تفریحی ضروریات کو بخوبی حل کرکے ملک کا پسندیدہ ترین اوٹی ٹی پلیٹ فارم بننے کے لیے تیار ہے۔

“ای اینڈ لائف کے سی ای او خلیفہ الشمسی نے کہاکہ”ہم پی ٹی سی ایل کے تحت پاکستان کے سب سے بڑے او ٹی ٹی پلیٹ فارم کی تیاری میں مدد فراہم کرنے پر انتہائی خوش ہیں۔ہمیں یقین ہے کہ اس پلیٹ فارم سے پاکستان کے عوام کو شاندار تفریح میسر ہوگی۔ ای اینڈ پی ٹی سی ایل گروپ کی مدد و حمایت کا سلسلہ جاری رکھے گا، خاص طور پر ڈیجیٹل مستقبل کی تخلیق کے نئے باب میں جو معاشرے کے ہر فرد کو جدید ڈیجیٹل خدمات تخلیق کرنے اور نئے صارفین کے شعبوں تک رسائی حاصل کرنے کے لئے بااختیار بنائے گااور نئی کامیابیوں کے دروازے کھولے گا۔

“ای ویژن کے سی ای او، اولیور بریملی نے کہا کہ ”ہم پاکستان میں تفریحی انقلاب کے ایک نئے باب کا حصہ بننے پر خوش ہیں۔ ای ویژن مشرق وسطی ٰ اور شمالی افریقا کے خطے میں سب سے بڑا میڈیا اور تفریحی مواد فراہم کرنے والا ادارہ ہے، جہاں ہم ہمیشہ اپنے صارفین کی زندگی کا ایک لازمی حصہ رہے ہیں۔ ہم پی ٹی سی ایل کے ساتھ مزید اہم اقدامات اٹھانے کے منتظر ہیں، خاص طور پر پاکستان جیسی بڑی مارکیٹ میں،

جہاں پر مواد تخلیق کرنے اور اسٹریمنگ سروسز میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے، جس سے ہر ایک کے لیے لامحدود مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔“اسٹارز پلے کے سی ای او اور شریک بانی، معاذ شیخ کا کہنا تھا، ”ہم پی ٹی سی ایل کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے ہمیں پاکستان میں اپنی خدمات کو وسعت دینے کا موقع فراہم کیا۔
اسٹارزپلے ایک معروف سبسکرپشن ویڈیو آن ڈیمانڈ سروس ہے جو ہزاروں ہٹ فلمیں، ٹی وی شوز اور دیگر پاکستانی اور بین الاقوامی مواد اسٹریم کرتی ہے۔ پی ٹی سی ایل ’شوق‘ کے ذریعے ہماری سروس ان تمام پاکستانیوں کے لیے قابل رسائی ہوگی جو میڈیا یا انٹرٹینمنٹ مواد کی معیاری ویڈیو اسٹریمنگ سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں
۔“’شوق‘ ایک سبسکرپشن پر مبنی اسٹریمنگ ایپ ہے جو بی وائی او ڈی ماڈل (کسی بھی ڈیجیٹل ڈیوائس پر) اور پی ٹی سی ایل کے فراہم کردہ ٹی وی ڈونگلز پر کام کرتی ہے۔ صارفین،جن کے پاس انٹرنیٹ تک رسائی اور ڈیجیٹل ڈیوائس، بشمول اسمارٹ فونز، ٹیبلٹس، لیپ ٹاپ، اینڈروئیڈ اسمارٹ ٹی وی اینڈروئیڈ ٹی وی باکسز وغیرہ دستیاب ہیں، وہ کسی بھی جگہ اور کسی بھی وقت ملٹی اسکرین خدمات سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
’شوق‘ پر پانچ ڈیوائسز کی رجسٹریشن کے ساتھ بیک وقت دو متوازی سیشنز سے لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔ پلیٹ فارم اپنے صارفین کی بدلتی ہوئی میڈیا اور تفریحی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ان کی پلیٹ فارم پر سرگرمیوں اور پسند ناپسند کی بنیاد پر اپنے مواد اور خدمات کی توسیع کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
’شوق‘ تمام پاکستانی ڈیٹا صارفین کے لیے روزانہ، ہفتہ وار اور دو مختلف ماہانہ پیکجز؛ لائٹ اینڈ پریمیم پر دستیاب ہے اور پیکجز کی کم سے کم قیمت صرف 8 روپے یومیہ تک ہے۔ ڈیٹا صارفین www.shoq.com.pk پر جا کر سروس کو سبسکرائب کرسکتے ہیں۔ صارفین گوگل پلے اور ایپل اسٹور سے ’شوق‘ ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے بھی معیاری اور بلاتعطل ویڈیو اسٹریمنگ کے تجربے سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی