اسلام آباد (اردو وائس آف پاکستان) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ کاروباری برادری رینجرز کے اختیارات میں اضافہ کے مطالبہ کی غیر مشروط حمایت کرتی ہے کیونکہ یہ کراچی کے امن اور ملکی معیشت کے فروغ کیلئے ضروری ہے۔
رینجرز کو فوری طور پر تھانے بنانے، ایف آئی آر درج کرنے اور دیگر تمام اختیارات دئیے جائیں تاکہ کراچی سرمایہ کاروں کی جنت بن سکے۔کراچی سے ملک کو 65 فیصد ٹیکس اور کروڑوں افراد کو روزگار ملتا ہے جہاں امن نہ ہو تو ملکی ترقی کی تمام کوششیں اکارت جائیں گی۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ رینجرز نے کراچی میں حکومت کی رٹ بحال کر کے اس شہر کی رونقیں لوٹا دی ہیں۔اس ادارے کے موجودگی میں ہر قسم کے جرائم میں اسی فیصد سے زیادہ کمی آئی ہے ۔2014 میں ٹارگٹ کلرز نے اٹھارہ سو افراد کو ہلاک کیا جبکہ 2015 میں رینجرز کی وجہ سے یہ تعداد گھٹ کر 850 رہ گئی جس سے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے جبکہ کاروباری برادی کے اعتماد میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔اگر اس اہم ادارے کی حوصلہ افزائی کی گئی تو وہ دن دور نہیں جب کراچی پاکستان کا سب سے پرامن شہر اورملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی اولین ترجیح ہو گاکیونکہ ہر آنے والے دن کے ساتھ اس ادارے کی استعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جس نے اس ادارے کی کامیاب آپریشن کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے۔ ملک و قوم کے مفاد رینجرز کے قیام کی مدت میں کم ازکم دو سال یعنی 2018 تک کا اضافہ کیا جائے اور اسے اضافی اختیارات دئیے جائیں ۔سیاسی مداریوں کی جانب سے رینجرز کے خلاف سازشوں کو توڑ کیا جائے جو اس شہر کو دوبارہ اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔
اگر پولیس اور دیگر ادارے سیاست سے آلودہ نہ ہوتے تو کراچی میں رینجرز کی ضرورت ہی نہیں پڑتی۔پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں بہتری کراچی کے حالات بہتر کئے بغیر نا ممکن ہے جہاں ماند پڑتی کاروباری سرگرمیاںاب دوبارہ زورپکڑرہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس ادارہ کا دائرہ کار دیگر کئی سہروں میں بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ کاروباری برادری خود کو محفوظ سمجھے۔
ایک تبصرہ شائع کریں