میزان بینک وزیرِ اعظم کی کم لاگت ہاؤسنگ فنانس اسکیم کے تحت مالی اعانت فراہم کرنے والاملک کا پہلا بینک بن گیا!
کراچی: پاکستان کا پہلا اور سب سے بڑا اسلامی بینک میزان بینک وزیرِ اعظم کے میرا پاکستان، میرا گھر کم لاگت ہاؤسنگ فنانس اسکیم کے تحت مالی اعانت فراہم کرنے والاملک کا پہلا بینک بن گیاہے۔ اس اسکیم کے تحت بینک نے جمعہ 16اکتوبر 2020کو 2افراد کو شریعہ کمپلائنٹ ہاؤسنگ فنانس کی سہولت فراہم کی۔
یہ سہولت بطور مالی کے کام کرنے والے محمد انیس اور نجی کمپنی کے کنٹریکٹ ملازم محمد شاہد خان کو فراہم کی گئی۔ دونوں افراد اس فنڈزسے اپنے گھر والوں کے لئے چھوٹے چھوٹے پلاٹوں پر مکانات تعمیر کریں گے۔
اسٹیٹ بینک میں منعقدہ تقریب میں میزان بینک کے گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس ارشد مجید نے محمد انیس اور محمد شاہد کو چیک دیے۔ اس موقع پر اسٹیٹ بینک کی ڈپٹی گورنر سیما کامل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک ثمر حسین اور میزان بینک کے بانی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسرعرفان صدیقی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر میزان بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور صدر عرفان صدیقی نے کہاکہ وزیرِ اعظم کی کم لاگت ہاؤسنگ اسکیم کے تحت ادائیگی کرنے والا ملک کا پہلا بینک ہونے پر ہمیں خوشی ہورہی ہے اور ہم اس اہم شعبہ میں اپنا کردار ادا کرنے کے منتظر ہیں جو 40سے زائد صنعتوں کو براہِ راست اور بالواسطہ طورپر سپورٹ کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں غیر ہنر مند مزدوروں کو بڑی تعداد میں ملازمت بھی فراہم کرتا ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں