پی ٹی سی ایل گروپ نے قومی کھیل کے فروغ کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ اشتراک قائم کر لیا

اسلام آباد : پاکستان کے سب سے بڑے ٹیلی کمیونی کیشن اور مربوط آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے ادارے، پی ٹی سی ایل گروپ (پی ٹی سی ایل و یوفون 4G) نے ایشین چیمپئنز ٹرافی 2024 سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ شراکت داری قائم کر لی ہے۔ قومی ٹیلی کام کیریئر کی حیثیت سے پی ٹی سی ایل گروپ پاکستان ہاکی کی شاندار تاریخی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور اُنھیں تسلسل دینے کے لئے پُرعزم ہے۔ اس شراکت داری کا مقصد قومی کھیل کا فروغ، قومی وقار کی سربُلندی اور عالمی سطح پر پاکستان کی کامیابیوں کو اُجاگر کرنا ہے۔

ہاکی پاکستانی قوم کے پسندیدہ ترین کھیلوں میں سے ایک ہے، مگر گزشتہ کئی برسوں سے اس کھیل کو متعدد مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پی ٹی سی ایل گروپ قوم کے دلوں میں ہاکی کے لئے وہی پسندیدگی اور محبت بحال
کرنے کے لئے کوششیں کر رہا ہے۔

پی ٹی سی ایل گروپ کی مہم کا مقصد پیرس اولمپکس سے قبل ارشد ندیم کے لئے کی گئی کامیاب مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے ہاکی کے شعبے میں بھی تاریخ رقم کرنا ہے۔ اس شراکت داری کے تحت پی ٹی سی ایل گروپ ہاکی کے کھیل اور کھلاڑیوں کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے اور پاکستانیوں میں اس کھیل کے لئے نئی محبت اور حمایت کو فروغ دینے پر توجہ دے گا۔ گروپ کو پختہ یقین ہے کہ اگر قوم کی حمایت اور اعتماد حاصل ہو تو پاکستانی کھلاڑی اور ایتھلیٹس کسی بھی سطح پر اور کسی بھی کھیل میں فتح کے جھنڈے گاڑ سکتے ہیں ۔




ٹی وی سی: https://youtu.be/oRaBNXP2Sac

ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور ہمارے ثقافتی ورثے اور قومی وقار کی علامت ہے اور اس کی بحالی قوم کی امنگوں کے عین مطابق ہے۔ پی ٹی سی ایل گروپ کو پاکستانی ایتھلیٹس کی بے پناہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے، لہٰذا، گروپ اُنہیں عالمی سطح پر کامیابی کے لئے درکار معاونت فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ یہ شراکت داری صرف کھیل اور کھلاڑیوں کی حمایت کیلئے نہیں بلکہ اس کا مقصد قوم کے جذبۂ حب الوطنی کو اجاگر کرنا اور کھیلوں میں پاکستان کی عالمی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔

پی ٹی سی ایل گروپ کو یقین ہے کہ قوم کی تازہ حمایت و محبت اور جذبے کی بنیاد پر پاکستان کی ہاکی ٹیم ایک بار پھر علاقائی اور عالمی فتوحات حاصل کرکے اس کھیل کو اس کا جائز مقام دلا سکتی ہے۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی