پی ٹی سی ایل گروپ کی آمدن میں سال بہ سال15 فیصد اضافہ
اسلام آباد: ملک کے معروف ٹیلی کام و مربوط انفارمیشن کمیونی کیشن خدمات فراہم کرنے والے ادارے، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے 30 ستمبر 2024 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ اس بات کا اعلان اسلام آباد میں ہونے والے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔
سال 2024 میں پی ٹی سی ایل گروپ نے اپنی ترقی کی رفتار برقرار رکھی اور پاکستان میں ایک بڑے ٹیلی کام سروس فراہم کنندہ کے طور پر اپنی حیثیت کو مستحکم کیا۔
پی ٹی سی ایل گروپ:
• اس سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران پی ٹی سی ایل گروپ کی آمدنی سال بہ سال 15.3 فیصد اضافے کے ساتھ 160.6 ارب روپے تک پہنچی، جس کی بنیادی وجہ فکسڈ براڈ بینڈ، موبائل ڈیٹا اور ہول سیل اینڈ بزنس سلوشنز سمیت صارفین کے شعبے میں مضبوط کارکردگی ہے۔
• گروپ نے 1.6 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع اور 15.3 ارب روپے کا خالص خسارہ ظاہر کیا ہے۔
پی ٹی سی ایل :
پی ٹی سی ایل نے 2024 کے دوران اپنی مضبوط کارکردگی برقرار رکھی۔ کمپنی نے 2024 کے پہلے نو ماہ کے دوران 79.5 ارب روپے کی آمدنی حاصل کی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 11.1 فیصد زیادہ ہے جس کی بنیادی وجہ فکسڈ لائن، ہول سیل اور بزنس سلوشنز کے شعبوں میں ترقی ہے۔کمپنی نے اسی دوران 8.2 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع حاصل کیا، جو 2023 کے اس عرصے کے مقابلے میں 27.6 فیصد زیادہ ہے۔کمپنی نے سہ ماہی کے دوران 1 ارب روپے کا خالص منافع حاصل کیا ہے۔
پی ٹی سی ایل کی جانب سے فائبر ٹو دی ہوم (ایف ٹی ٹی ایچ) کی جارحانہ تنصیب ٹاپ لائن ترقی کی بنیاد رہی۔ گزشتہ سہ ماہیوں سے جاری پی ٹی سی ایل کی اسٹریٹجک توجہ اپنے فلیگ شپ 'فلیش فائبر' ایف ٹی ٹی ایچ برانڈ کے تحت تیز ترین اور قابل اعتماد انٹرنیٹ خدمات فراہم کرکے صارفین کے تجربے کو بہتر کرنے پر مرکوز رہی، جس کی بدولت انڈسٹری میں پی ٹی سی ایل کی ایک قابل اعتماد ایف ٹی ٹی ایچ فراہم کنندہ کے طور پر ساکھ مستحکم ہوئی ہے۔ پی ٹی سی ایل کے فکسڈ براڈ بینڈ کاروبار میں سال بہ سال 20.4 فیصد، جبکہ پی ٹی سی ایل فلیش فائبر میں سال بہ سال 111.5 فیصد کی غیر معمولی نمو دیکھی گئی ۔ ایف ٹی ٹی ایچ کی تنصیب پر پی ٹی سی ایل کی توجہ کے متاثر کن نتائج برآمد ہوئے ، جن میں6 لاکھ سے زائد صارفین کے حامل ایک معروف ایف ٹی ٹی ایچ آپریٹر کے طور پر کمپنی کی حیثیت کی مضبوطی شامل ہے اور کمپنی صارفین کو غیر معمولی تجربات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
کاروباری خدمات کے شعبے نے اپنی ترقی کی رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے آئی پی بینڈوتھ، کلاؤڈ، ڈیٹا سینٹر اور آئی سی ٹی خدمات کے شعبے میں اپنے قائدانہ کردار کو مستحکم کیا۔ علاوہ ازیں ، کیرئیر، ہول سیل اور بین الاقوامی کاروبار میں بھی امید افزا نتائج حاصل کیے۔ پی ٹی سی ایل انٹرپرائز بزنس میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 38.3 فیصد بڑھوتری دیکھی گئی ۔
سہ ماہی کے دوران پی ٹی سی ایل بزنس سروسز نے کاروباری اداروں کے انوویشن پارٹنر کی حیثیت سے اپنے کردار کو مزید مضبوط کیا اور متعدد انٹرپرائزز اور حکومتی اداروں کو جدید ترین ہوسٹنگ اور ڈیجیٹلائزیشن سلوشنز فراہم کیے۔ بینک الحبیب، پنجاب سیف سٹی، وزارت حج اور کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس اہم ترین شراکت داریوں میں شامل ہیں۔
پی ٹی سی ایل گروپ نے 'شوق' پر ومبلڈن کی لائیو اسٹریمنگ کے ساتھ ڈیجیٹل مواد کی کامیاب فراہمی جاری رکھی ہے۔یہ پی ٹی سی ایل گروپ کی اپنے ڈیجیٹل خدمات کو وسعت دینے اور آن لائن مواد کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کی حکمت عملی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
پی ٹی ایم ایل - یوفون 4G:
یوفون 4G نے سال 2024 کے پہلے نو ماہ کے دوران ٹاپ لائن میں سال بہ سال 25.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا ہے جس میں ٹھوس نیٹ ورک کی توسیع اور اسٹریٹجک اقدامات شامل ہیں۔ یہ ترقی صارفین کے تجربات میں بہتری اور متعدد ڈیٹا پر مبنی مصنوعات کے ذریعے ڈیجیٹل روابط کے فروغ کی وجہ سے ممکن ہوئی اور معروف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری ڈیجیٹل روابط کے فروغ کا سبب بنی۔ یوفون 4G کی متاثر کن ترقی صارفین کے تجربے اور ڈیجیٹل جدت طرازی کے فروغ کے لئے کمپنی کے عزم کا ثبوت ہے۔ یوفون نے اگست 2024 میں 26 ملین مجموعی اور 16ملین 4G صارفین کی سنگ میل کو عبور کرتے ہوئے کامیابی اور تیز رفتاری سے اپنی صارفین کی تعداد بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا۔
یوفون 4G اپنی اہم ڈیجیٹل مصنوعات میں مختلف ویلیو ایڈڈ سروسز (وی اے ایس) کے انضمام کے ذریعے جامع ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے فروغ میں اہم پیش رفت کر رہا ہے۔ گولوٹو(GoLootlo) ، وعدہ، شوق اور یو کلاؤڈ سروسز کو اپنی معروف ڈیجیٹل مصنوعات میں شامل کرکے یوفون اپنے صارفین کو مزید جامع اور بھرپور تجربات فراہم کر رہا ہے۔ پی ٹی ایم ایل کا ڈیجیٹل برانڈ ،'اونک'(onic) صارفین کے تجربات میں بہتری کے لئے ایک مکمل ڈیجیٹل ایکو سسٹم فراہم کرکے انڈسٹری میں مستقل ترقی کر رہا ہے۔
یوفون نے 27 مقامات پر'روم لائک ہوم'- بلاتعطل بین الاقوامی رومنگ متعارف کرا دی ہے۔یہ ایک جدید بین الاقوامی رومنگ سروس ہے، جو 27 مقبول ترین بین الاقوامی شہروں میں اپنے صارفین کو باسہولت ڈیٹا اور وائس بنڈل فراہم کرتی ہے۔ یہ آسان اور سستی سہولت یوفون کے صارفین کو بیرون ملک سفر کے دوران زیادہ رومنگ چارجز کی فکر کیے بغیر رابطے میں رہنے کے قابل بناتی ہے۔
سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران پی ٹی سی ایل گروپ نے پاکستانی جیولین کھلاڑی، ارشد ندیم کو اپنا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا، جنہوں نے بعد ازاں پیرس اولمپکس 2024 میں طلائی تمغہ جیتا ۔ یہ اقدام پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے قومی ہیروز کی حمایت اور حوصلہ افزائی کرنے کے طویل مدتی عزم کے مطابق ہے، جس کے تحت نوجوان کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھانے کے لئے ان کی جدوجہد اور کامیابی کی کہانیوں کو اجاگر کیا گیا ۔
پی ٹی سی ایل گروپ نے پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ بھی شراکت داری قائم کی۔ قومی ٹیلی کام کیریئر کی حیثیت سے پی ٹی سی ایل گروپ پاکستان ہاکی کے مثالی ورثے کو اجاگر کرنے اور اسے فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔ اس شراکت داری کا مقصد ہاکی کا احیاء، قومی وقار کی سربلندی اور عالمی سطح پر پاکستان کی شاندار کارکردگی کو اُجاگر کرنا ہے۔
کارپوریٹ سماجی ذمہ داری:
اپنے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے پی ٹی سی ایل گروپ نے یونیسف اور این ای او سی کے تعاون سے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور سندھ کے منتخب اضلاع میں آگاہی مہم چلائی۔ مہم کے ذریعے لوگوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی جاری مہم کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور والدین پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں اور پولیو سے پاک پاکستان کے مشن میں اپنا حصہ ڈالیں۔
پی ٹی سی ایل گروپ نے جی ایس ایم اے منصوبے کے لئے کنیکٹ ہیئر (ConnectHear) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے، جس کے تحت یوفون 4G کنیکٹ ہیئر ایپ کے لئے مفت ڈیٹا فراہم کرے گا۔ اس سے سماعت سے محروم افراد مترجمین تک رسائی حاصل کرسکیں گے اور آفات کے دوران پیشگی وارننگ ویڈیو پیغامات وصول کرسکیں گے، جس سے ان کے لئے رابطے اور تحفظ کی سہولت میں اضافہ ہوگا۔
پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ (PPAF) کے اشتراک سے پی ٹی سی ایل گروپ نے پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے 713 ملین روپے کے منصوبے کے لیے یو این ویمن کو گرانٹ کی درخواست جمع کرائی ۔ اس اقدام کا مقصد پنجاب اور سندھ کے اہم اضلاع میں خواتین کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں اور وسائل سے لیس کرنا ہے، جس سے ان کی معاشی خود مختاری اور ترقی کو فروغ ملے گا۔
مزید برآں، پی ٹی سی ایل گروپ نے لاہور میں پسماندہ طلبہ کو آئی ٹی کورسز کرانے والی فلاحی تنظیم، ہوپ اپ لفٹ فاؤنڈیشن کے آئی ٹی انکیوبیشن سینٹر کو ایک سال تک مفت براڈ بینڈ کنیکٹیویٹی فراہم کی، جس سے انہیں بامعنی روزگار حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ ختم شد۔
ایک تبصرہ شائع کریں