کراچی: سیکیوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP)کے تعاون اور رہنمائی کے ساتھ،سینٹرل ڈپازٹری کمپنی (CDC)نے معروف ایسٹ مینجمنٹ کمپنیز (AMCs)اور بروکریج ہاؤسز کے تعاون سے کراچی میں 11اکتوبر سے13اکتوبر تک ڈولمین مال کلفٹن کراچی میں تین روزہ ایونٹ کا انعقاد کررہی ہے۔ ورلڈ انوسٹرویک 2024 کے موقع پرسی ڈی سی اس تقریب کا انعقادکررہی ہے۔ورلڈ انوسٹر ویک 2024کا اہتمام انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف سیکیوریٹیز کمیشنز(IOSCO)نے کیا ہے جو سرمایہ کاروں کی تعلیم اور تحفظ کو فروغ دینے کیلئے کام کرتی ہے۔
تقریب کا افتتاح ایس ای سی پی کے کمشنرز عبدالرحمٰن وڑائچ اور مجتبیٰ احمد لودھی کریں گے۔ اس موقع پر سی ڈی سی کے چیئرمین فرخ ایچ سبزواری اور سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بدیع الدین اکبر، اسٹاک بروکر کمپنیز،ایسٹ مینجمنٹ کمپنیز اور دیگر مالیاتی اداروں کے نمائندے بھی موجودہوں گے۔
ڈولمین مال کلفٹن کے گراؤنڈ فلور پر کیپٹل مارکیٹ کے مختلف شرکاء کی میزبانی میں اس تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس کی قیادت سی ڈی سی، ایس ای سی پی اور معروف ایسٹ مینجمنٹ کمپنیز اور بروکریج ہاؤسز کررہے ہیں۔اس موقع پر ماہرین اپنے تجربات کا اشتراک کریں گے تاکہ عوام کو با خبر سرمایہ کاری کے فیصلے کرنے میں مدد ملے، اس طرح کی سرگرمیوں کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔
تقریب میں اے بی ایل فنڈز، اے کے ڈی سیکیوریٹیز،الحبیب فنڈز،المیزان انوسٹمنٹ مینجمنٹ، اٹلس ایسٹ مینجمنٹ، فیصل فنڈز،ایچ بی ایل ایسٹ مینجمنٹ، ایم سی بی فنڈز،پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج، ٹرسٹ سیکیوریٹیزاینڈ بروکریج، یوبی ایل فنڈز اور وی فنانشلز شرکت کریں گے۔
سی ڈی سی نے عوام کو اس3روزہ تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے کہ وہ یہاں آکر کیپٹل مارکیٹ کے ماہرین سے سوالات پوچھیں، معلومات حاصل کریں اور سمارٹ سرمایہ کاری کے بارے میں مزید معلومات حاصل کریں۔
ایک تبصرہ شائع کریں