پی ٹی سی ایل گروپ نے سڑکوں کو محفوظ بنانے کیلئے اٹلس ہونڈا لمیٹڈ کے تعاون سے موٹر سائیکل سواروں کی تربیت کا آغاز کردیا


لاہور : پاکستان میں ٹیلی کمیونی کیشن سروسز فراہم کرنے والے معروف ادارے، پی ٹی سی ایل گروپ نے سڑکوں کو حادثات سے محفوظ بنانے کیلئےاٹلس ہونڈا لمیٹڈ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں ۔ یہ تعاون موٹر سائیکل سواروں کے لئے محفوظ نقل و حمل کے طریقوں کو فروغ دینے کے پی ٹی سی ایل کے عزم کی عکاسی کرتا ہے اور گروپ کے صحت، تحفظ اور ماحولیات (ایچ ایس ای) کے فروغ کے اقدامات کے ساتھ ہم آہنگی رکھتا ہے۔



معاہدے پر دستخط کی تقریب لاہور میں اٹلس ہونڈا لمیٹڈ کے دفتر میں منعقد ہوئی، جس میں گروپ نائب صدر، ایچ ایس ای اینڈ سسٹین ایبلٹی، پی ٹی سی ایل و یوفون 4G، تیمور خان اور اٹلس ہونڈا کے جنرل منیجر آفٹر سیلز، ظفر اقبال نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔ شراکت داری کے تحت اٹلس ہونڈا کے سرٹیفائیڈ ٹرینرز کی سربراہی میں خصوصی 'ٹریننگ آف ٹرینرز' (ٹی او ٹی) سیشنز متعارف کرائے جائیں گے، تاکہ پی ٹی سی ایل کے فیلڈ اسٹاف کو ضروری حفاظتی مہارتوں کی تربیت دی جا سکے، جو اپنے روزمرہ سفر کے لئے موٹر سائیکلوں کا استعمال کرتے ہیں۔

تربیتی سیشنز میں موٹر سائیکل ہینڈلنگ کی ضروری تکنیک سے لے کر جدید روڈ سیفٹی پروٹوکول تک مختلف موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا۔ مزید برآں، اس اشتراک کا مقصد پی ٹی سی ایل کے ملازمین میں اپنے تحفظ کی اہمیت کے حوالے سے شعوربیدار کرنا،  آگہی میں اضافہ کرنا اور سڑک پر درپیش خطرات میں کمی لانا ہے۔  

مزید برآں اٹلس ہونڈا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پی ٹی سی ایل گروپ کے ملازمین کی فلاح و بہبود کے پروگرام کے عزم کی بھی عکاسی کرتی ہے، جس کے تحت پائیدار سرگرمیوں کو فروغ دیا جاتا ہے، تاکہ ملازمین کی فلاح و بہبودکویقینی بنایا جا سکے۔ ٹی او ٹی پروگرام میں حصہ لینے والے پی ٹی سی ایل ملازمین محفوظ سواری کے پیغام کو آگے بڑھائیں گے اور اس اقدام کے مثبت اثرات کو فروغ دیں گے۔ تقریب کے اختتام پر دونوں فریقین نے سڑکوں کو سب کے لئے محفوظ بنانے کے حوالے سے اس شراکت داری کے ممکنہ کردار اور افادیت کے متعلق اُمید اور عزم کا اظہار کیا۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی