حکومت کا ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کیلئے مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کیلئے قومی فائبرائزیشن پالیسی کے تحت مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ذرائع کے مطابق وزارت نے ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کیلئے قومی فائبرائزیشن پالیسی پر کام شروع کر دیا جس کے تحت ڈیجیٹل ضروریات کو پورا کرنے کیلئے تیز رفتار انٹرنیٹ انفرا اسٹرکچر لگایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق قومی فائبرائزیشن سے براڈ بینڈ کوریج میں اضافہ ملے گا، فائبرائزیشن پالیسی شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرے گی، پالیسی ملک میں فائیو جی ٹیکنالوجی کو سپورٹ کرنے کیلئے تیار کی گئی ہے جس سے تعلیم، صحت اور ای گورننس کے شعبوں میں سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔

ذرائع کے مطابق آپٹیکل فائبر اور دیگر آلات کیلئے میڈاِن پاکستان کو فروغ دیا جائیگا، ملک میں لانگ ہال آپٹیکل فائبر 75 ہزار 967 کلو میٹر ہے جبکہ ملک میں کل میٹرو آپٹیکل فائبر 1 لاکھ 35 ہزار 506 کلو میٹر ہے اور قومی فائبرائزیشن پالیسی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کیلئے اہم کردار ادا کرے گی۔


0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی