پی ٹی سی ایل گروپ نے ماہر بینکار، توران آصف کو یو مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ کا صدر اور سی ای او مقرر کر دیا

اسلام آباد : پاکستان کے سب سے بڑے آئی سی ٹی سروسز ادارے، پی ٹی سی ایل گروپ نے معروف بینکار، توران آصف کو یو مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ (یو بینک) کا صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) متعین کر دیا ہے۔ ڈیجیٹل اور ریٹیل بینکاری کے شعبوں میں تین دہائیوں پر محیط شاندار کیریئر کے حامل توران آصف ترقی اور جدت کی اگلی منازل کی طرف یو بینک کی رہنمائی کریں گے۔

یو بینک میں شمولیت سےقبل توران آصف 'کے۔ ٹی' بینک پاکستان لمیٹڈ (زیر تشکیل ڈیجیٹل بینک) کے سی ای او کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ اس سے پہلے وہ مشرق بینک متحدہ عرب امارات سے منسلک رہے اور ہیڈ آف کنزیومر بینکنگ سمیت کئی اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے، جہاں انہوں نے کنزیومر بزنس میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مشرق الاسلامی کے سی ای او کے طور پر انہوں نے صارفین کیلئے خدمات کی فراہمی کو بہتر بنا کر اور ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے اسلامی بینکاری کے شعبے کو مستحکم کیا۔ اپنے پیشہ ورانہ کیریئر میں وہ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک، سٹی گروپ اور اے این زیڈ بینک جیسے عالمی شہرت یافتہ اداروں میں بھی اعلیٰ عہدوں پر تعینات رہے، جہاں انہوں نے مالی شمولیت اور کاروباری تبدیلی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ توران آصف ایشیاء، مشرق وسطیٰ اور برطانیہ سمیت بین الاقوامی سطح پر کئی سالوں کا تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ الیکٹریکل انجینئرنگ میں ڈگری کے علاوہ انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) سے ایم بی اے کر چکے ہیں۔



چیئرمین، بورڈ آف ڈائریکٹرز، یو مائیکروفنانس بینک اور صدر و گروپ سی ای او، پی ٹی سی ایل و یوفون 4G، حاتم بامطرف نے توران آصف کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ حاتم بامطرف نے کہا،''ہمیں توران آصف کو یو مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ کے نئے صدر اور سی ای او کے طور پر خوش آمدید کہتے ہوئے بے حد خوشی ہے۔ ریٹیل اور ڈیجیٹل بینکاری میں ان کی قائدانہ صلاحیتیں، اور مالی شمولیت کے فروغ کے لیے ان کا غیر متزلزل عزم پاکستان بھر میں افراد اور کاروباری اداروں کو بااختیار بنانے کے یو بینک کے مشن سے مکمل ہم آہنگ ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ان کی قیادت میں بینک نئی کامیابیاں حاصل کرے گا۔ پی ٹی سی ایل گروپ یو بینک کی مسلسل ترقی اور کامیابی کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔''

توران آصف کا تقررمحمد عیسیٰ الطاہری کی بطورقائم مقام صدر اور سی ای اومدت ختم کے بعد عمل میں لائی گئی ہے، جو عبوری دور میں اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔ یو بینک نے محمد عیسیٰ الطاہری کی قیادت اور بینک کی ترقی میں ان کی لازوال خدمات پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

پی ٹی سی ایل گروپ کے ذیلی ادار ے کی حیثیت سے یو بینک جدید، ٹیکنالوجی پر مبنی مالیاتی سہولیات کے ذریعے افراد اور کاروباری اداروں کو بااختیار بنانے کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ توران آصف کی قیادت میں، بینک اپنی ڈیجیٹل صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان بھر میں مالیاتی رسائی کو وسعت دینے پرخاص توجہ دے گا، تاکہ پائیدار ترقی اور معاشی خودمختاری کو فروغ دیا جا سکے۔

کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی