بی وائی ڈی نے پاکستان میں گاڑیوں کی فراہمی کا باضابطہ آغاز کردیا

بی وائی ڈی BYD نے پاکستان میں گاڑیوں کی فراہمی کا باضابطہ آغاز کردیا, ابتدائی 48 گھنٹوں کے اندر 100 گاڑیاں فراہم کی جائیں گی

کراچی : دنیا میں سب سے بڑی نیو انرجی وہیکلز (این ای وی) بنانے والی کمپنی، بی وائی ڈی (BYD) نے میگا موٹر کمپنی (ایم ایم سی) کے اشتراک سے پاکستان میں گاڑیوں کی فراہمی کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ ملک میں پائیدار نقل و حرکت کی جانب ایک بڑا سنگ میل ہے۔ اب کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں صارفین اپنی بی وائی ڈی گاڑیوں کی ڈیلیوری وصول کرسکیں گے، جس سے مقامی مارکیٹ میں برانڈ کی مضبوط وابستگی سامنے آئی ہے۔ بی وائی ڈی اور ایم ایم سی کا ہدف یہ ہے کہ اپنے آپریشنز کی شروعات کے ابتدائی 48 گھنٹوں کے اندر 100 گاڑیاں فراہم کی جائیں۔

ایم ایم سی نے اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے اہم مقامات پر بی وائی ڈی کے مختلف مراکز (Experience & Care centers) قائم کئے ہیں، جو صارفین کو BYDکی جدید ترین نیو انرجی وہیکل ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے اور گاڑیوں کے استعمال سے متعلق اعلیٰ معیار کا تجربہ فراہم کریں گے۔

  

ان سینٹرز کا آغاز اور بی وائی ڈی کی SEAL  اور ATTO3 گاڑیوں کے متعارف ہونے سے بی وائی ڈی اور ایم ایم سی کی طرف سے پاکستان میں تیزی سے بدلتے ہوئے آٹوموٹو منظرنامے پر اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔ ملک میں نئی الیکٹرک گاڑیوں (این ای وی) کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور BYDاور ایم ایم سی کا مقصد یہ ہے کہ 2025 میں مجموعی طور پر 15 سینٹرز کا آغاز کر کے ملک میں اپنی موجودگی مزید بڑھائی جائے جس سے پائیدار نقل و حرکت کی رسائی میں مزید اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے BYDپاکستان کے کنٹری ہیڈ، لی جیان،نے کہا، ''پاکستان میں ترقی کے اس اہم سفر کا آغاز کرنا ہمارے لئے نہایت اعزاز کی بات ہے۔ بی وائی ڈی طویل عرصے سے تکنیکی جدت کے ذریعے لوگوں کی خواہشات کو پورا کرنے اور انکی زندگی بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ ہم اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ بی وائی ڈی کی نیو انرجی گاڑیاں اور ٹیکنالوجیز پاکستان کے ماحول دوست ترقی کے سفر میں مزید اہم کردار ادا کریں گی۔''

 میگا موٹر کمپنی پاکستان کے نائب صدر سیلز اینڈ اسٹریٹجی، دانش خالق، نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، ''ہم پاکستان بھر میں گاڑیوں کی فراہمی شروع کرنے پر نہایت خوش ہیں۔ یہ بی وائی ڈی اور ہمارے صارفین کے لئے ایک دلچسپ سفر کا آغاز ہے کیونکہ ہم نے پاکستان کو صاف ستھرے اور زیادہ پائیدار مستقبل کی طرف لے جانے کے لئے عالمی معیار کی این ای وی ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے۔''

اس اہم قدم کے ساتھ بی وائی ڈی جدید اور ماحول دوست نقل و حمل کی سہولت فراہم کرکے آٹوموٹو صنعت میں انقلاب لانے کے اپنے عالمی مشن کو تقویت کے ساتھ جاری رکھنے پر کاربند ہے۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی