کراچی: پاکستان کے معروف اسلامی بینک میزان بینک اور پارٹیسپیشن بینکس ایسوسی ایشن آف ترکی (TKBB)نے اسلامک فنانس میں جدّت، نالج شیئرنگ اور صلاحیت سازی کو فروغ دینے کیلئے مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں۔ اسلامک فنانس میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کیلئے یہ اہم قدم ہے۔
ترکی کے صدر رجب اردگان کے پاکستان کے حالیہ دورہ کے دوران وزیرِ اعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں میزان بینک کے گروپ ہیڈ شریعہ کمپلائنس احمد علی صدیقی اور ٹی کے بی بی کے سیکریٹری جنرل اسماعیل وورل نے معاہدے پر دستخط کیے۔تقریب میں ترکی کے صدر،وزیرِ اعظم پاکستان اور دونون ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس اہم شراکت داری میں کراس بارڈر کے ذریعے 3اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اسلامی بینکاری میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا جن میں صلاحیت سازی، نالج شیئر اور آپریشنل ایکسلنس شامل ہیں۔ دونوں اداروں نے شریعہ گورننس، اسکوک اسٹرکچرنگ، ریگولیٹری کمپلائنس سے متعلق تربیتی پروگرام،پراڈکٹ ڈیولپمنٹ، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور فنٹیک سلوشن کے شعبوں میں مہارت کے اشتراک کیلئے باہمی پلیٹ فارم کا قیام اور ٹیلنٹ اور جدّت کو بڑھانے کیلئے حکمت عملی کے اشتراک پر اتفاق کیا۔
اس شراکت داری کا مقصد اسلامی مالیاتی اداروں کو مضبوط کرنا،ریگولیٹری ہم آہنگی کو فروغ دینااور جدید شریعہ کمپلائنٹ سلوشنز کے ذریعے مالیاتی شمولیت کو بڑھاناہے۔
اس موقع پرTKBBکے سیکریٹری جنرل اسماعیل وورل نے کہاکہ میزان بینک کے ساتھ معاہدہ کرنے پر ہمیں خوشی ہے۔ میزان بینک نے اپنی شاندار تاریخ اور بہترین کارکردگی کے ساتھ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر اسلامک فنانس انڈسٹری کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ٹریننگ، صلاحیت سازی اور تکنیکی مہارت کے شعبوں میں تعاون اس سیکٹرکی پائیدار ترقی کیلئے ضروری ہے۔
اس موقع پر میزان بینک کے گروپ ہیڈ شریعہ کمپلائنس احمد علی صدیقی نے کہاکہ میزان بینک اور TKBB کے درمیان معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان اسلامک فنانس کو فروغ دینے کیلئے ایک اہم سنگِ میل ہے۔دونوں اداروں کا مقصد اپنی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایتھیکل بینکنگ کو فروغ دینے، مالیاتی شمولیت کو توسیع دینا اور اسلامک مالیات کی عالمی ترقی میں مدد کرنا ہے
ایک تبصرہ شائع کریں