میشا شفیع اسپاٹیفائی کے ایکول پاکستان کی ایمبیسڈر منتخب، نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر جلوہ گر

کراچی، 21 اپریل، 2025۔ موسیقی کی دنیا میں خواتین گلوکاروں کی کامیابیوں کو سراہنے کے سلسلے میں اسپاٹیفائی پاکستان نے اپریل کے مہینے کے لئے مشہور گلوکارہ میشا شفیع کو ایکول پاکستان ایمبیسیڈر منتخب کیا ہے۔ اس سلسلے میں میشا شفیع نیویارک کے مشہور ٹائمز اسکوائر میں اسپاٹیفائی کے ڈیجیٹل بل بورڈ پر  17 اپریل کو نمایاں انداز سے جلوہ گر ہوئیں۔ اس طرح، وہ ان نئے اور مشہور پاکستانی گلوکاروں کی فہرست میں شامل ہو گئیں جنہیں اس عالمی مقام پر پیش ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔

میشا شفیع اپنی شاندار پرفارمنس اور طاقتور آواز سے دنیا بھر کے سامعین کی توجہ اپنی جانب مبذول کراچکی ہیں۔ ان کے مقبول ترین گانوں میں ''الف اللہ''، ''معزز صارف'' اور ''آیا لاڑئیے'' شامل ہیں، جو آج بھی مداحوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے سامعین میں 38 فیصد کا تعلق نوجوان نسل سے ہے، اسکا مطلب ہے کہ انکے مداحوں میں ہر عمر کے افراد موجود ہیں جس سے انکی وسیع مقبولیت سامنے آتی ہے۔



یہاں، انکے پرستاروں کے لیے یہ خوشخبری بھی ہے کہ میشا شفیع اپنے نئے البم ''کھلنے کو'' کے ہمراہ دو سال کے وقفے کے بعد موسیقی کی دنیا میں واپس آئی ہیں۔ اس البم کو مداحوں اور شائقین موسیقی کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے، جس میں ان کے مخصوص انداز اور گہرائی کو بخوبی محسوس کیا جا سکتا ہے۔

اسپاٹیفائی کی پاکستان و متحدہ عرب امارات کی آرٹسٹ اینڈ لیبل پارٹنرشپس منیجر، رطابہ یعقوب نے کہا، ''میشا شفیع ایکول پاکستان کی سوچ کی عملی تصویر ہیں جو موسیقی کی دنیا میں روایتی رکاوٹوں کو عبور کرکے نئے معیار قائم کررہی ہیں۔انہوں نے موسیقی کی دنیا میں نئی راہیں بنائیں، روایتی دھنوں اور جدید انداز کو ایک ساتھ لے کر چلنے کی جو صلاحیت ان کے پاس ہے، وہ انہیں عالمی سطح پر ممتاز بناتی ہے۔ پاکستان، بھارت، امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا جیسی بڑی اسٹریمنگ مارکیٹوں میں ان کی بھرپور موجودگی کے ساتھ ان کی آواز بین الاقوامی سطح پر سامنے آتی ہے۔''

میشا شفیع اسپاٹیفائی کی نمایاں پلے لسٹس میں شامل ہوچکی ہیں جن میں ''ساوتھ ایشین صوفی''، ''بیسٹ آف کوک اسٹوڈیو''، ''دیسی کور'' اور اب ''ایکول پاکستان'' شامل ہیں، جس سے ان کی ہمہ جہت گلوکارانہ صلاحیتوں کا اظہار ہوتا ہے۔

میشا شفیع کو حاصل اس حالیہ اعزاز کے ساتھ اسپاٹیفائی نے خواتین گلوکاروں کے فروغ کے اپنے عزم کو مزید اجاگر کیا ہے، تاکہ موسیقی کی دنیا میں خواتین گلوکاروں کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔

0/کمنٹس:

جدید تر اس سے پرانی