لاہور — لاہور بینالے فاؤنڈیشن (LBF) نے لاہور بینال کے چوتھے ایڈیشن لاہور بینالے 04 (LB04) کے لیے نیو حق کو کیوریٹر مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جو بہار 2027 میں لاہور میں منعقد ہوگا۔
اس تقرری کا اعلان لاہور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا گیا، جس میں ثقافتی، تعلیمی اور عوامی شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ظفر مسعود، صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر، دی بینک آف پنجاب تھے، جو فنون، ثقافت اور عوامی ثقافتی اداروں کے فروغ کے لیے دی بینک آف پنجاب کی مسلسل حمایت کی عکاسی کرتا ہے۔
لاہور بینالے 04 کے تحت نئی تخلیق کردہ فن پارے، بڑے پیمانے پر تنصیبات اور عوامی پروگرامز پیش کیے جائیں گے، جو لاہور کے تاریخی، شہری اور عوامی مقامات پر منعقد ہوں گے۔ یہ سلسلہ بینالے کی اس روایت کو آگے بڑھاتا ہے جس کے تحت معاصر فن کے ذریعے شہر اور اس کی مختلف برادریوں کو فعال طور پر شامل کیا جاتا ہے۔
نیو حق بیلجیئم کے شہر اینٹورپ میں مقیم ایک کیوریٹر اور مصنف ہیں۔ وہ اس وقت ایم ایچ کے اے – میوزیم آف کنٹیمپرری آرٹ اینٹورپ میں ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، جہاں وہ فنّی پروگرام کی قیادت کرتے ہیں، جبکہ Afterall جرنل کے ایڈیٹر بھی ہیں۔ اس سے قبل وہ آرنولفینی، برسٹل، اور گیس ورکس، لندن میں کیوریٹوریل عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں اور عالمی سطح پر متعدد اہم نمائشوں کا انعقاد کر چکے ہیں۔ حال ہی میں وہ کیف بینالے 2025 کی کیوریٹوریل ٹیم کا حصہ رہے، جو میوزیم آف ماڈرن آرٹ وارسا اور ایم ایچ کے اے میں پیش کی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ظفر مسعود، صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر، دی بینک آف پنجاب نے کہا:“لاہور بینالے نے مسلسل یہ ثابت کیا ہے کہ ثقافت، عوامی شمولیت اور ادارہ جاتی اشتراک کس طرح مل کر دیرپا اثرات پیدا کر سکتے ہیں۔دی بینک آف پنجاب کو لاہور بینال فاؤنڈیشن کی معاونت پر فخر ہے، جس کا کام ہماری پائیداری، ماحولیاتی شعور اور شہری شمولیت کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔ ہم نیو حق کو لاہور بینالے 04 کے کیوریٹر کے طور پر خوش آمدید کہتے ہیں اور بینالے کے ایک اور بامعنی ایڈیشن کے منتظر ہیں۔”
اپنی تقرری پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے نیو حق نے کہا:“لاہور بینالے کے چوتھے ایڈیشن کی کیوریٹوریل ذمہ داری ملنا میرے لیے باعث ِ اعزاز ہے۔ لاہور ایک بھرپور ثقافتی تاریخ اور متحرک معاصر فن کے منظرنامے کا حامل شہر ہے۔ بینالے نے پاکستان اور خطے میں خود کو ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر منوایا ہے، اور میں لاہور بینالے فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر اس ورثے کو آگے بڑھانے اور شہر و اس کے عوام کے ساتھ گہرے روابط استوار کرنے کا خواہاں ہوں۔”
لاہور بینالے فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر قدسیہ رحیم نے کہا:“ہم لاہور بینالے 04 کے لیے نیو حق کا بطور کیوریٹر خیرمقدم کرتے ہیں۔ ان کا عالمی تجربہ اور علاقائی تناظر کی گہری سمجھ ایک فکری اور مضبوط نقطہ نظر فراہم کرتی ہے، جو بینالے کے آئندہ مرحلے کو مزید مستحکم بنائے گی۔”
لاہور بینالے فاؤنڈیشن ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے، جو معاصر فن کے ذریعے ثقافتی تبادلے اور عوامی شمولیت کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔ لاہور بینالے اور سال بھر جاری پروگرامز کے ذریعے، فاؤنڈیشن نے لاہور کے تاریخی اور شہری مقامات کو فعال بنانے، فنون تک رسائی کو وسعت دینے، اور شہر کو جنوبی ایشیا کے ایک نمایاں ثقافتی مرکز کے طور پر اُجاگر کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں