پی ٹی سی ایل فلیش فائبر نے معیاری سروس اور گیمنگ تجربے کی فراہمی کی بدولت دو 'اوکلا' ایوارڈز حاصل کر لیے
اسلام آباد؛ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ کی فلیگ شپ براڈبینڈ سروس، پی ٹی سی ایل فلیش فائبر کو عالمی سطح پر انٹرنیٹ ٹیسٹنگ اور تجزیے کے شعبے کی معروف کمپنی، اوکلا (Ookla) کی جانب سے دو نمایاں ایوارڈز سے نوازا گیا ہے، جن میں سال 2025 کے ''بہترین فکسڈ نیٹ ورک'' اور اسی سال کے دوسرے نصف (H2 2025) کے لیے پاکستان میں ''بہترین آئی ایس پی گیمنگ ایکسپیریئنس'' فراہم کنندہ کے اعزازات شامل ہیں۔
یہ ایوارڈز پاکستان میں سال 2025 کی دونوں ششماہیوں کے اسپیڈ ٹیسٹ کنیکٹیوٹی رپورٹ کے اعداد و شمار کی بنیاد پر دیے گئے ہیں اور ملک بھر میں اعلیٰ رفتار، کم ترین تعطل اور بہتر ین صارف تجربے کی فراہمی میں پی ٹی سی ایل فلیش فائبر کی مسلسل کارکردگی کی عکاسی کرتے ہیں۔
بہترین فکسڈ نیٹ ورک کا ایوارڈ اوکلا کی جانب سے اہم ترین کارکردگی کے اشاریوں (KPI) ایویلیوایشن ماڈل کے تحت دیا جاتا ہے، جس میں ڈاؤن لوڈ اور اپ لوڈ کی رفتار، تعطل، ویڈیو اسٹریمنگ کی کارکردگی اور ویب براؤزنگ تجربے سمیت اہم عوامل کا جائزہ لیا جاتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ اوکلا کو فکسڈ براڈبینڈ نیٹ ورک کی کارکردگی کے حوالے سے اعلیٰ ترین اعزاز تصور کیا جاتا ہے۔
سال2025 کی پہلی ششماہی میں پی ٹی سی ایل فلیش فائبر کو پاکستان کے چار خطوں میں تیز ترین سروس فراہم کنندہ قرار دیا گیا۔ جبکہ اسی سال کی دوسری ششماہی میں یہ سروس مارکیٹ میں اپنی رہنما حیثیت کو مزید مستحکم کرتے ہوئے اوکلا کے شائع کردہ ڈیٹا کے مطابق ملک کے بیشتر خطوں میں تیز ترین سروس فراہم کنندہ کے طور پر سامنے آئی۔
اس کے علاوہ، پی ٹی سی ایل فلیش فائبر نے دوسری ششماہی کے لیے بہترین آئی ایس پی گیمنگ ایکسپیریئنس ایوارڈ بھی حاصل کیا، جو کم ترین تعطل اور مستحکم کنیکٹیویٹی کے ذریعے بغیر رکاوٹ کے آن لائن گیمنگ کی سہولت کی فراہمی کے بہترین نیٹ ورک ڈیزائن کا عکاس ہے۔ یہ ایوارڈ پاکستان بھر میں گیمرز اور زیادہ بینڈوڈتھ استعمال کرنے والے صارفین کی بدلتی ہوئی ڈیجیٹل ضروریات پوری کرنے کے پی ٹی سی ایل کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
پی ٹی سی ایل ملک بھر میں فائبر نیٹ ورک کی توسیع، جدید ترین انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری اور پاکستان کی بڑھتی ہوئی کنیکٹیویٹی ضروریات کے مطابق عالمی معیار کے ڈیجیٹل تجربات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں