کراچی، ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل لمیٹڈ کے آئی پی او کی بک بلڈنگ 1.6 گنا اوورسبسکرائب ہونے کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔بک بلڈنگ مرحلے کا اختتام منگل کو 40 روپے فی شیئر کی اسٹرائیک پرائس پر ہوا۔
بک بلڈنگ کا عمل پیر کو شروع ہونے کے صرف دو گھنٹے کے اندر مکمل طور پر سبسکرائب ہوگیا تھا، جو برآمدات پر مبنی اور شرعی اصولوں کے مطابق کاروبار کرنے والی کمپنی میں ادارہ جاتی اور ہائی نیٹ ورتھ سرمایہ کاروں کی نمایاں دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔
ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل لمیٹڈ مجموعی طور پر 30 ملین شئیرز جاری کر رہی ہے، جو آئی پی او کے بعد کمپنی کے ادا شدہ سرمائے کا 32.01 فیصد بنتے ہیں۔ ان میں سے 75 فیصد( 22.5 ملین شئیرز) بک بلڈنگ کے ذریعے پیش کیے گئے، جن سے 900 ملین روپے حاصل ہوئے، جبکہ بقیہ 25 فیصد (7.5 ملین شئیرز)پبلک سبسکرپشن کے لیے 28 اور 29 ستمبر کو پیش کیے جائیں گے۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز لمیٹڈ اور گروتھ سیکیورٹیز لمیٹڈ اس آئی پی او کے لیے مشترکہ لیڈ مینیجرز کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
آئی پی او سے حاصل ہونے والی رقم بنیادی طور پر کمپنی کی ورکنگ کیپیٹل پوزیشن کو مضبوط بنانے کے لیے استعمال کی جائے گی، جس سے کمپنی کو موسمی بنیادوں پر زیادہ مقدار میں زرعی پیداوار کی خریداری، پروسیسنگ کی گنجائش میں اضافہ اور بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی طلب کو زیادہ برآمدی آمدن میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔
سرگودھا میں قائم اور ماضی میں شاہین انٹرپرائزز کے نام سے کام کرنے والی ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل لمیٹڈ کا کاروباری تجربہ تقریباً تین دہائیوں پر محیط ہے۔ کمپنی کینو، آم اور آلو کی پروسیسنگ اور برآمد کے شعبے میں کام کرتی ہے اور اپنی مصنوعات مختلف بین الاقوامی منڈیوں کو برآمد کرتی ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں